News Detail Banner

مظلومین غزہ کے حق میں 10مارچ کو اسلام آباد آب پارہ چوک سے امریکی سفارت خانہ تک مارچ ہوگا۔سراج الحق

10مہا پہلے

لاہور05 مارچ 2024ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مظلومین غزہ کے حق میں 10مارچ کو اسلام آباد آب پارہ چوک سے امریکی سفارت خانہ تک مارچ ہوگا، پاکستانی خواتین سمیت پوری دنیا کو اپیل کرتا ہوں کہ خواتین کے عالمی دن کو فلسطینی عوام اور خصوصی طور پر غزہ کی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کے نام پر منایا جائے۔ نومنتخب وزیراعظم نے پہلی تقریر میں اہل فلسطین کا نام تک نہیں لیا، قوم نے جن سے جان چھڑانے کے لیے ووٹ دیے فارم 47 کے ذریعے انہیں ہی مسلط کردیا گیا، الیکشن 2024ء الیکشن 2018ء کا ایکشن ری پلے تھا، جنہیں دھاندلی پر شکایات ہیں وہ اسمبلی چھوڑ کر جماعت اسلامی کے احتجاج کا حصہ بنیں، ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا، ہم اپنے سمیت سب کا حق مانگتے ہیں، متاثرین کی نمائندگی پر مشتمل عدالتی کمیشن کے ذریعے الیکشن آڈٹ کرایا جائے، 10فروری سے چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم، ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر بھی موجود تھے۔

سراج الحق نے کہا کہ مجلس عاملہ نے ملک کی سیاسی اور غزہ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ عوام کرب میں مبتلا ہیں، الیکشن نتائج عوام کے ووٹوں کے برعکس تشکیل دیے گئے، کروڑوں میں سیٹیں خریدی گئیں، پہلے ووٹ چوری ہوتے تھے اب نتائج چوری ہونے لگے، اسمبلی اجلاس کی ابتدا گالم گلوچ سے ہوئی، عہدوں کی بندر بانٹ ہورہی ہے، جیتنے والے ہارنے والوں سے زیادہ پریشان ہیں، فارم 45 والے سڑکوں پر، 47والے عہدے تقسیم کررہے ہیں، یہ لوگ آئندہ الیکشن تک عوام کو نہیں ملیں گے، جماعت اسلامی عوام میں رہے گی، ہم نے نتائج مسترد کر دیے، دھاندلی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بجلی، گیس کے بلوں کی وجہ سے ہر شخص بے حد پریشان ہے، انصاف کا کوئی دروازہ نہیں مل رہا، حکمران پارٹیوں نے تین سو یونٹ مفت بجلی کا وعدہ کیا تھا، مارچ کے مہینہ سے آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے منصوبے کے تحت مصنوعی اسمبلی بنائی گئی، یہ کمپنی نہیں چلے گی،سیٹیں خریدنے والوں نے سرمایہ کاری کی، اب کئی گنا وصول کریں گے۔ 

امیر جماعت نے کہا کہ گزشتہ 145 دنوں سے دنیا غزہ میں مجبور لوگوں کی نسل کشی دیکھ رہی ہے، تیس ہزار سے زائد شہید ہوچکے، گیارہ ہزار بچے شہدا میں شامل، اکہتر ہزار زخمی ہیں، او آئی سی اور اسلامی ممالک کے حکمران خاموش ہیں، اسرائیلی مظالم کے خلاف اب تک ایک ہزار قراردادیں اقوام متحدہ میں پیش ہوئیں، امریکا اسرائیلی مظالم کا سرپرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت نے اہل غزہ کے حق میں بھرپور آواز بلند کی، قومی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا، ملین مارچز منعقد کیے، اسلامی ممالک کے دورے کیے، انہوں نے کہا کہ الیکشن کی وجہ سے قوم کی توجہ تقسیم ہوگئی تھی، جماعت اسلامی نئے عزم سے فلسطین کا مقدمہ لڑے گی، اسلامی دنیا اور سفارت خانوں سے رابطے کریں گے۔ انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کی اہل غزہ کے لیے امدادی سرگرمیوں کی تحسین کی اور قوم کا بھرپور مدد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مارچ کا مقصد امریکا کی اسرائیل سرپرستی کے خلاف احتجاج اور اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو جگانا ہے۔