News Detail Banner

آستین کے سانپوں کی موجودگی میں ملک کو کسی بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں۔سراج الحق

10مہا پہلے

لاہور 26جنوری 2024ء

امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آستین کے سانپوں کی موجودگی میں ملک کو کسی بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں۔قوم پردہائیوں سے مسلط حکمران بحرانوں کے ذمہ دار ہیں۔سالہاسال اقتدار میں رہنے والی خاندانوں پر مشتمل سیاسی پارٹیاں مزید باریوں کی طلبگار ہیں،یہ جان لیں اب کوئی ان کا غلام بننے کو تیار نہیں، پاکستانی آزاد ابن آزادقوم بنیں گے، جماعت اسلامی اسلام کی حکمرانی لائے گی، جس میں بندوں کی نہیں اللہ کی حکمرانی قائم کی جائے گی۔

حیدرآباد میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام پرمسلسل پندرہ برس حکمرانی کی، یہ انتخابی جلسوں میں لوگوں کو بتائیں کہ انہوں نے اقتدار میں رہ کر کونسے تیر چلائے، صوبہ پر ڈاکو راج قائم، ظالم جاگیردار اور وڈیرے انسانوں کو انسان نہیں سمجھتے، سیلاب میں عوام کو بے یارومددگار چھوڑا گیا، صرف جماعت اسلامی ان کی خدمت کے لیے موجودتھی، صوبہ کا کسان رو رہا ہے۔ سندھ اور حیدرآباد کے عوام ترازو پر مہر لگائیں، ہم ان کے روشن مستقبل کی ضمانت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا ایم کیوایم قصہ پارینہ ہوچکی۔ پی پی کے چیئرمین کہتے ہیں وزرات عظمیٰ ان کا خاندانی حق ہے، ن لیگ کے سربراہ چوتھی باری لینا چاہتے ہیں، اب  جمہور کی باری آئے گی۔

مرکزی نائب امیر و امیدوار قومی اسمبلی حلقہ 219 ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،نائب امیر اسداللہ بھٹو،امیر صوبہ محمد حسین محنتی،امیر ضلع حیدرآباد عقیل احمد، سردار زبیر سولنگی اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت دیگر صوبائی و مقامی رہنما بھی ساتھ موجود تھے۔جلسہ میں خواتین کی بڑی تعداد سمیت زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔ 

سراج الحق نے کہا کہ غلامانہ پالیسیوں،سودی نظام کی وجہ سے معیشت تباہ ہوئی، مہنگائی و بیروزگاری نے غریب عوام کا جینا مشکل بنادیا ہے۔عوام سود وسامراجی نظام اور اس کے آلہ کار ٹولے سے نجات کے لیے 8 فروری کے انتخابات میں اچھے اور دیندار لوگوں کو منتخب کریں۔انہوں نے  جماعت اسلامی کامیاب ہوکر سودی نظام ختم کرے گی۔ ہم سندھ سمیت پورے ملک کے نوجوانوں کو باعزت روزگار دیں گے، خواتین کو حق وراثت ملے گا، ان کی عزت و حرمت کا تحفظ ہوگا۔ زراعت کو جدید بنائیں گے۔ حیدرآباد اور کراچی کو جدید ترقی یافتہ شہر بنائیں گے۔ انھوں نے حکمران پارٹیوں کے لیڈروں کو فلسطین میں مظالم پر خاموشی اختیار کرنے پر بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جماعت اسلامی نے غزہ کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑا، ہم کامیاب ہو کر ان شاء اللہ مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے، کشمیریوں کو حق دلائیں گے، ڈاکٹر عافیہ کو امریکا سے واپس لائیں گے۔

بعدازاں سراج الحق نے ٹنڈوآدم ضلع سانگھڑ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔ امیر ضلع عبدالغفور انصاری، امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی کامران عزیز غوری، ظہیر الدین جتوئی، ارشاد بخاری، مشتاق عادل،جان محمد اور فرحت یاسمین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سانگھڑ اور حیدرآباد میں جلسوں کے علاوہ انھوں نے الرحیم مسجد نوری آباد میں جمعہ کے اجتماع سے بھی خطاب کیا۔ نوری آباد پہنچنے پر امیر ضلع جام شورو حافظ محمد صالح نے کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ امیر جماعت کا استقبال کیا۔ سراج الحق الیکشن مہم کے سلسلے میں تین روزہ دورہ سندھ میں ہیں۔ وہ جمعرات کی رات اسلام آباد سے کراچی پہنچے اورصوبائی دالحکومت کے مختلف علاقوں میں انتخابی ریلیوں کی قیادت کی جہاں امیر جماعت کراچی حافظ نعیم الرحمان اور امیدوران قومی و صوبائی اسمبلی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 

حیدرآباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے سندھ پر پچاس سالہ اقتدار میں عوام کو کچھ بھی نہیں دیا ہے۔ حیدرآباد کے نو جوانوں کو روزگار اور یونیورسٹی ملنی چاہئے۔ اس شہر کے عوام کو پتھر کے دور میں ڈال دیا گیا ہے۔ چائنہ کٹنگ ایم کیوایم کو اپنے قائد ہی نمک حرام قرار دے رہے ہیں تو وہ عوام کے ساتھ کیا وفاداری کریں گے، وڈیرہ شاہی کا دور بھی ختم ہے، 8 فروری ترازو کی کامیاب کا دن ثابت ہوگا۔

محمد حسین محنتی نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے لوٹ مارکرکے پاکستان کو دیوالیہ بنا دیا ہے۔ملک کو قرضوں میں جکڑدیا ہے،جاگیردار و سرمایہ داروں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔جماعت اسلامی ایک انقلابی اور سندھ کی تعمیر و ترقی کا منشور رکھنے والی جماعت ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں کر صنعت و معیشت کو ترقی اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے گی۔