ایران نے فلسطینیوں کی بھرپور مدد کی ہے جس پر ہم تہران کے شکرگزار ہیں۔سراج الحق
10مہا پہلے
لاہور 23دسمبر 2023ء
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ایران نے فلسطینیوں کی بھرپور مدد کی ہے جس پر ہم تہران کے شکرگزار ہیں۔ اہل غزہ کی مشکلات بہت زیاد ہیں، مسلمان حکمرانوں کو فلسطینیوں کی مدد کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔ امریکی افواج ہر خطے میں فساد کی جڑ ہیں۔ پاکستان اور افغانستان میں بدامنی اور فساد کی وجہ بھی امریکی مداخلت ہے۔
اسلام آباد میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات عوامی اور ریاستی سطح پر مستحکم ہوں۔ ہم نے ہمیشہ مسالک کے درمیان ہم آہنگی کے لیے جدوجہد کی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمارا نام شیعہ اور سنی نہیں بلکہ مسلمان رکھا ہے۔ جماعت اسلامی تمام مسالک کے لیے قلبی وسعت رکھتی ہے۔ ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔ بعض مسلمان ممالک نے لالچ میں آ کر اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کیے ہیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان اور ایران کے سفیروں نے یکساں خیالات کا اظہار کیا ہے۔ حماس نے فلسطین کو ضم کرنے کے اسرائیلی عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ ہم فلسطینی مزاحمت کی حمایت جاری رکھیں گے۔ پوری دنیا میں مسلمان عوام فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔