News Detail Banner

اہل غزہ کی استقامت اور مجاہدین حماس کی جرأت بے مثال ہے، حافظ محمد ادریس

11مہا پہلے

لاہور 19دسمبر 2023ء 

مرکز جماعت اسلامی منصورہ کے ہفتہ وار درس قرآن میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے جہاد کے موضوع پر درس دیا۔ انھوں نے سورہئ انفال کی آیات کی روشنی میں سامعین کو بتایا کہ اللہ نے اہل ایمان کو واضح اور مستقل حکم دیا ہے کہ وہ اپنے دشمن کے حملوں سے کبھی غافل نہ ہوں۔ اسلامی ریاست اور معاشرے کا فرض ہے کہ وہ وقت کے تقاضوں کے مطابق جنگی سازوسامان اور فوج کو تیار رکھیں۔ دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلمان جو مال و متاع خرچ کریں گے اللہ اس کا بدلہ ان کو دنیا و آخرت دونوں جگہ عطا فرمائے گا۔ نبی پاکؐ اور صحابہؓ نے ہمیشہ وسائل اور استطاعت کے مطابق جنگی سازوسامان کا اہتمام کیا۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ آج غزہ کے مسلمانوں اور حماس کے مجاہدین نے جرأت و استقامت کی کمال مثال پیش کی ہے جس کی نظیر تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔ وہ بے سروسامانی کے باوجود اپنے باہنر اور ٹیکنالوجی کے ماہر نوجوانوں کی مدد سے خودساختہ اسلحے سے ایک بڑی فوجی قوت کے مقابلہ پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی درندوں نے ہزاروں ٹن بارود استعمال کر کے کئی ہزار بم گرا کر پورے غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے مگر حماس نے اس کے ٹینکوں، بکتر بند گاڑیوں کو تباہ و برباد اور سیکڑوں مسلح فوجیوں کو جہنم رسید کر دیا ہے۔ اسرائیل نے جو اکیس ہزار قتل کیے ہیں ان میں بہت بڑی اکثریت معصوم بچوں، خواتین اور مریضوں کی ہے۔ اسرائیل اپنے امریکی اور یورپی سرپرستوں کی مکمل حمایت کے باوجود اس وقت مایوسی کا شکار ہے۔ ایک جانب اندھی قوت ہے اور دوسری جانب ایمان و استقامت ہے، اس جنگ میں ایمان جیتے گا اوراس کے مقابلے پر اندھی قوت اور درندگی مات کھائے گی، یہ اللہ کا وعدہ ہے۔