News Detail Banner

ہ دنیا میں بادشاہتیں ختم، پاکستان میں قائم ہورہی ہیں، 76برسوں سے جمہوریت کو ریموٹ کنٹرول سے چلایا جارہا ہے۔سراج الحق

11مہا پہلے

لاہور 15دسمبر 2023ء

 امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ دنیا میں بادشاہتیں ختم، پاکستان میں قائم ہورہی ہیں، 76برسوں سے جمہوریت کو ریموٹ کنٹرول سے چلایا جارہا ہے، سیاسی و آئینی بحرانوں کا واحد حل شفاف،منصفانہ الیکشن ہیں، انتخابات میں ایک روز کی تاریخ بھی برداشت نہیں، الیکشن کمیشن فوری شیڈول جاری کرے۔

دیرپائین کی تحصیل منڈا میں جے آئی یوتھ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے وجود کا واحد مقصد آئین کا تحفظ ہے،عدالت شہریوں کے حقوق کی نگہبان ہے، الیکشن کمیشن کی واحد آئینی ذمہ داری صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی چاہتی ہے تعلیم عام ہو، نوجوان آگے بڑھیں، مظلوم کو انصاف ملے، ایک اسلامی فلاحی ریاست میں ہی یہ مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں، جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد پاکستان کو بانیان پاکستان اور اسلامیان برصغیر کی امنگوں کے مطابق تشکیل دینا ہے، عوام اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں، 8فروری کو ترازو پر مہر لگائیں۔ سابقہ تحصیل ناظم ہمایوں خان اور صدرجے آئی یوتھ دیر عتیق الرحمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سراج الحق نے کہا کہ الیکشن عوام کا جمہوری حق ہے، جب تک جمہور کو حقیقی اختیار نہیں ملتا، آئین پر عملدرآمد نہیں ہوتا، پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔ فوج، پولیس اور عوام نے امن کے قیام کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں، امن و استحکام کی منزل کے حصول کے لیے عوامی مینڈیٹ کی حامل مستحکم حکومت کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پی ڈی ایم کا ساتھ اس لیے نہیں دیا کیوں کہ ہمیں معلوم تھا کہ یہ ڈلیور نہیں کر سکتے، انھوں نے 16ماہ میں صرف اپنے کیسز معاف کرائے، ملک کی معاشی حالت تباہ کر دی، عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کے تحفے دیے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے وسائل پر دو فیصد اشرافیہ قابض ہے، 98فیصد لوگوں کو بنیادی سہولیات دستیاب نہیں، مہنگائی، بے روزگاری کے ساتھ بدامنی کی وجہ سے بھی لوگ پریشان ہیں، حکومتوں کا کام شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے جن میں یہ ناکام ہو گئے۔ انھوں نے کہا کہ حکمران پارٹیوں نے مافیاز کی سرپرستی کی جو ان پر الیکشن میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ پاکستان ظالم جاگیرداروں، کرپٹ سرمایہ داروں اور خاندانوں کی بادشاہت کے لیے نہیں بنا، سات دہائیوں سے ملک کو لوٹا جا رہا ہے، حکمرانوں کے نام پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں آئے، انھوں نے توشہ خانہ تک کو نہیں چھوڑا، کوئی ادارہ اور عدالت کرپٹ افراد کا احتساب نہیں کر سکی، عوام کے پاس اس الیکشن میں بہترین موقع ہے کہ وہ ان کے مستقبل سے کھیلنے والوں کا ووٹ کی طاقت سے حقیقی احتساب کریں۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر نوجوانوں کے مسائل حل کرے گی، انھیں روزگار دیں گے، سرکاری زمینیں زرعی گریجوایٹس اور پڑھے لکھے نوجوانوں میں تقسیم کی جائیں گے، بچیوں کی تعلیم کو لازمی قرار دیں گے، خواتین کے لیے ہر ڈویژن کی سطح پر الگ یونیورسٹی بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ 65فیصد نوجوان قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں، انھیں مایوس ہونے اور ملک سے بھاگنے کی ضرورت نہیں، یہ جماعت اسلامی کے دست و بازو بن کر کرپٹ اور فرسودہ نظام کے خلاف جمہوری جدوجہد کریں، پاکستان اور اس کے عوام کا مستقبل روشن ہے، جماعت اسلامی ملک میں حقیقی تبدیلی لائے گی۔