News Detail Banner

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ متوسط اور غریب طبقہ کیلیے قیامت سے کم نہیں۔ ٹیکسز شامل کرکے فی یونٹ قیمت 56 روپے تک پہنچ گیا۔ سراج الحق

1سال پہلے

لاہور16 جولائی 2023

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پندرہ مہینوں میں حکومت کی کارکردگی کارنامہ نہیں صرف ڈرامہ ہے مہنگائی سے تنگ عوام کیلئے چینی،آٹا، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ناقابل برداشت ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی قوم کے ساتھ مذاق ہے حکومت معاشی حالات کی انتہائی بربادی،روپیہ کی تاریخی بے قدری اور زوال کے بعد تین فیصد بہتری کو کمال بنا کر پیش کرنے کی بجائے 58 فیصد ڈی ویلیو ہونے پر اپنی نا اہلی تسلیم کرئے عوام فاقوں اور خودکشیوں پر مجبور ہے اور حکمران چین کی بانسری بجا رہے ہیں مہنگائی کے یہ حالات ہیں کہ سفید پوش طبقہ بہ امر مجبوری اپنے اہل خانہ کو دو وقت کے کھانے میں بھی کمی پر مجبور ہو گیا ہے۔ملک میں ایک طرف گندم کے bumper crop کے اعلان ہیں لیکن دوسری طرف آٹا عوام کی دسترس سے باہر ہو گیا ہے موجودہ اور سابقہ حکمران حالات کی خرابی کے ذمہ دار ہیں۔ حالات بدلنے کیلیے عوام کو ووٹ کا بہتر استعمال کرنا ہوگاصرف جماعت اسلامی ملک میں سیاسی، معاشی، سماجی پولوشن کا سولوشن ہے جماعت اسلامی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا مکمل وژن اور تجربہ کار ٹیم رکھتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں صوبائی ذمہ داران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

امیر جماعت نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ متوسط اور غریب طبقہ کیلیے قیامت سے کم نہیں۔ ٹیکسز شامل کرکے فی یونٹ قیمت 56 روپے تک پہنچ گیا۔ اضافہ مسترد کرتے ہیں، عوام کے حق کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے بجلی ٹیرف بڑھا کر عوام کی جیبوں پر 500 ارب کا ڈاکہ ڈالا گیا۔ حکمران قرض خود ہڑپ کرتے ہیں، ادائیگی کے لیے عوام کو قربانی کا بکرا بنایا جاتا ہے۔ حکومت غریب عوام پر ظلم کی بجائے اپنی مراعات ختم کرے انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کو قوم کے ساتھ مذاق قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کم از کم ایک سو روپے تک کمی کی جائے تاکہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی اور ڈالر کی قدر میں کمی کا فائدہ عوام کو مل سکے۔

سراج الحق کا کہناتھا کہ قوم نے اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنا ہے، آزمائے ہوئے چہروں کو مزید نہ آزمائے، لوگ ووٹ کی طاقت سے ظالموں اور لٹیروں کا احتساب کریں، یہ ملک شہزادے اور شہزادیوں کی حکمرانی کیلیے نہیں بنا، عام پڑھے لکھے شخص کو اسمبلیوں میں ہونا چاہیے۔ کرپٹ نظام اور اس کے پہریداروں سے جان چھڑانا ہوگی پاکستان کے پاس وسائل کی کمی نہیں، ویژن کی کمی ہے، لیڈرشپ کی کمی ہے۔ پاکستان کو اہل اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی اس ملک میں خوشحالی لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف جلسے کرنے اور جلوس نکالنے والی جماعتیں حکومت میں آ کر خاموش ہیں۔ امریکہ، ورلڈبنک اور آئی ایم ایف کے غلاموں کا نظام 100 سال بھی رہے تو بھی پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ اس ملک کو انقلاب کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی پسے طبقات کی پشت پر کھڑی ہے۔گزشتہ عشرے میں اس سال گندم کی بہترین فصل پیدا ہوئی ہے۔ مسئلہ گندم کی عدم دستیابی کا نہیں، حکومتی نا اہلی، کرپشن اور لوٹ مار کا ہے۔