جماعت اسلامی نے اتحادی سیاست کو خیر آباد کہہ دیا ہے
1سال پہلے
لاہور14 جولائی 2023ئ
جماعت اسلامی نے اتحادی سیاست کو خیر آباد کہہ دیا ہے۔اکتوبر میں انتخابات نہ ہوئے تو احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ نوجوانوں سے قومی کی امیدیں وابستہ ہیں۔ جماعت اسلامی سے وابستہ نوجوان قوم کو اپنی طرف متوجہ کریں، اسلامی نظام کے لیے جدوجہد تیز کرنا ہو گی۔ اتحادی حکومت نے انتخابی اصلاحات کے لئے یکطرفہ کمیٹی بنائی ہے،نگران حکومت کے قیام کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن انتخابی اصلاحات کے لئے تمام جماعتوں کی کانفرنس بلائے۔ 2018کی طرح 2023کے انتخابات کو متنازعہ بنایا گیا تو ملک میں بڑی تباہی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے منصورہ لاہور میں جے آئی یوتھ پنجاب وسطی کے لیڈر شپ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن کی صدارت امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کی۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ قوم کو جمہوریت سے محروم رکھنا آئین و قانون کے خلاف ہے۔ مقررہ وقت سے ہٹ کر عام انتخابات میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔جماعت اسلامی اتحادی حکومت کو الیکشن سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دے گی۔9مئی کے واقعہ کے مجرمان کو قانو ن کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے، لیکن پکڑ دھکڑ کی آڑ میں نئی سیاسی انجینئرنگ کو قبول نہیں کریں گے۔ جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں 50فیصد ٹکٹیں نوجوانوں کو دے گی۔ انھوںنے کہا کہ اتحادی حکومت نے اقتدار کا وقت انجوائے کر لیا، ملک میں کرپشن اور بد انتظامی کی انتہا ہو چکی ہے۔قومی معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ گی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے نوجوانوں کی اخلاقی و سیاسی تربیت کی ہے۔نو جوان ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ پاکستان کی آزادی میں نوجوان جوہری حیثیت رکھتے ہیں۔ سوشل میڈیا نے انتخابات کے فلسفے کو تبدیل کر کے رکھ دیا ہے۔جو پارٹی نوجوانوں کی صلاحتیوں سے استفادہ کر لیتی ہے وہ کامیاب ہو جاتی ہے۔روز اول سے نوجوانوں نے تحریکوں میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔المیہ یہ ہے کہ پاکستان اس وقت بحران در بحران کا شکار ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاست اور انتخابات کو دولت کے اثر و رسوخ سے پاک کیا جائے۔
امیرالعظیم نے کہا کہ ملک کی آبادی کا 65فیصد نوجوان ہیںجو کل ووٹوں کا 46فیصد ہیں۔ جماعت اسلامی نے جے آئی یوتھ کو ہر دور میں منظم کیا ہے۔ ووٹوں کے ساتھ ساتھ جو ہماری دینی روایات ہے اس کو قائم رکھنا بہت ضروری ہے۔ دین سے خالی جمہوریت اور سیاست تعمیری نہیں تخریبی ہے۔ اسلامی انقلاب برپا کر کے ملک کو حقیقی معنوںمیں کرپشن فری فلاحی ریاست بنائیں گے۔
جاویدقصوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ عام انتخابات میں ملک کے دیگر حصوں سمیت پنجاب بھر میں بھی بھرپور حصہ لے گی، اس حوالے سے جماعت اسلامی نے پنجاب میں الیکشن کی تیاری شروع کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے پاس واضح مقصد ہونا چاہئے۔ جماعت اسلامی کے پاس جاگیر دارو، رسہ گیر، سرمایہ دار تو نہیں ہیں البتہ ہمارے پاس نوجوان موجود ہیں۔ جماعت اسلامی کا مستقبل آپ کے ساتھ وابستہ ہے۔ آپ جماعت اسلامی کا ہر اول دستہ ہے۔جب لوگ یہ کہتے ہیں کہ جماعت اسلامی کی قیادت پاک صاف ہے کرپشن زدہ نہیں ہیں اور کام کرنے کا جذبہ رکھتی ہے تو یقین کر لیں آپ کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عظیم بنانے کے لئے ہمیں اپنی ترجیحات کو بدلنا ہو گا۔ ملک کی ترقی کے لئے قوم کی سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ ہم اداروں کے استحکام کی بات کرتے ہیں لیکن اداروں کو مستحکم کرنے کے لئے عوام کی سوچ میں بیداری لانا ضروری ہے جو کہ اداروں کے معمار ہیں۔ کسی بھی قوم کی باگ ڈور اس کی نئی نسل کے ہاتھ میں ہوتی ہے،جس طرح ایک عمارت کی تعمیر میں اینٹ ایک بنیادی حیثیت رکھتی ہے کہ اینٹ سے اینٹ مل کر عمارت وجود میں آتی ہے،اسی طرح ملک کی تعمیر میں ہر نوجوان کی اپنی الگ اہمیت ہوتی ہے، جس سے انکار ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل قیمتی اثاثہ ہیں۔ خوش قسمتی سے پاکستان دنیا کے ان 15 ممالک میں شامل ہے جن کی نصف سے زاید آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔یہاں ملک کی کل آبادی میں 68 فی صد لوگ 30 سال سے کم عمر ہیں، جب کہ ان میں سے 32 فی صد 15 سے 20 سال عمر کے درمیان ہیں۔
نصر اللہ گورائیہ نے کہا کہ کسی بھی ملک، قوم یا معاشرے میں حقیقی اور مثبت تبدیلی نوجوان ہی لاسکتے ہیں، جب نوجوان مخلص ہوکر اپنے ملک و قوم کے لیے محنت اور جدوجہد کرنے لگتے ہیں تو مثبت تبدیلی، ترقی اور بہتری کو کوئی نہیں روک سکتا۔
رسل خان بابر نے کہا کہ نوجوان ہی وہ قوت ہیں، جو اگر ارادہ کرلیں تو ملک کی باگ ڈور سنبھال کر ملک کو اوج ثریا پر پہنچا کر دم لیتے ہیں۔ جے آئی یوتھ پنجاب وسطی کے صدر بشارت صدیقی اور سابق صدر جے آئی یوتھ زبیر گوندل نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔