News Detail Banner

اتحادی حکومت کی انتخابی اصلاحات کی کمیٹی یکطرفہ ہے اسی لیے یہ متنازعہ ہی رہے گی۔لیاقت بلوچ

9مہا پہلے

لاہور14 جولائی 2023ئ

نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے مرکزی تربیت گاہ منصورہ، یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے اقتدار انجوائے کرلیا، عوام کا کچومر نکال دیا اور اقتصادی بحالی کے لیے پورا ملک گِروی رکھ دیا، لیکن اب حکومت چھوڑنے کو دل بھی نہیں چاہ رہا اور اتحادی ایک دوسرے کو بلیک میل کرکے عوام کو بےوقوف بنانا چاہتے ہیں۔ لیکن اب یہ امر عوام پر بالکل عیاں ہوچکا ہے کہ پی پی پی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کی حکومتوں کی ناکامی کے بعد اب اتحادی حکومت کا تجربہ بھی ناکام اور ملک و ملت پر بوجھ بن گیا ہے۔ عوام اپنے مسائل کا حل اور صاف شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ 12اگست تک قومی، صوبائی اسمبلیوں کی آئینی مدت مکمل ہوجانا ہے۔ اب یہ حکومت کی چوائس ہے کہ وہ 60 دن یا 90 دن کی مہلت انتخابی عمل کا تعین کرے۔ عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں صرف اختیار کے استعمال پر توڑدیں، اِس کا سیاسی فائدہ نہیں پوری سیاسی جمہوری انتخابی نظام کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا۔ لیکن اب آئینی مدت کی تکمیل کے ساتھ انتخابات سے فرار، اگرچہ مگرچہ کی کوئی گنجائش نہیں۔ آنے والی نگراں حکومتوں اور سِول-ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے لیے ایک ہی باعزت، باوقار طریقہ ہے کہ سیاسی انجینئرنگ کی بجائے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بااختیار بنایا جائے، اعتماد دیا جائے اور ملک و ملت کو صاف شفاف غیرجانبدارانہ انتخابات دیے جائیں۔ 2013ئ، 2018ءکے انتخابی تنازعات کے بعد 2023ءکا انجینئرڈ، متنازعہ اور جانبدرانہ انتخاب بڑی تباہی کا باعث بنے گا اور سیاسی عدم استحکام، اقتصادی ڈیفالٹ اور بیرونی غلامی کو مزید پختہ بنادے گا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ اتحادی حکومت کی انتخابی اصلاحات کی کمیٹی یکطرفہ ہے اسی لیے یہ متنازعہ ہی رہے گی۔ حکومت اپنی سفارشات دے۔ اصل کام الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلائے، انتخابی اصلاحات، ضابطہ اخلاق پر اتفاقِ رائے کیا جائے اور عملدرآمد بھی یقینی بنانے کا میکنزم بنے۔ جماعت اسلامی نے انتخابی اصلاحات کی سفارشات بہت پہلے تیار کرلی تھیں اور دوبارہ بھی تمام اسٹیک ہولڈرز کو انتخابی اصلاحات کی سفارشات کا مسودہ بھجوایا جارہا ہے۔ جماعتِ اسلامی بروقت انتخابات، شفاف و غیرجانبدارانہ انتخابات کے لیے ملک گیر مہم جاری رکھے گی۔