News Detail Banner

سویڈن کے سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ کیا ہے اور عالم اسلام سے بھی اپیل کی ہے کہ اجتماعی غیرت اور حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورپی ملک سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔سراج الحق

1سال پہلے

لاہور  02 جولائی 2023ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سویڈن کے سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ کیا ہے اور عالم اسلام سے بھی اپیل کی ہے کہ اجتماعی غیرت اور حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورپی ملک سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔

جندول ثمر باغ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ سویڈن حکومت کی سرپرستی میں قرآن کریم جلانے کی ناپاک جسارت ہوئی جس کا اسلامی ممالک کی جانب سے بھی سرکاری سطح پر بھرپور ردعمل دیا جانا چاہیے۔ واقعہ اسلامو فوبیا کا مظہر ہے اور اٹھاون اسلامی ممالک اور پونے دوارب مسلمانوں کے ایمان کے لیے چیلنج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سویڈن میں قرآن کریم کی سرکاری سرپرستی میں بے حرمتی سے واضح ہے کہ مغربی استعماری ممالک مسلمانوں کو کسی قسم کی اہمیت دینے کو تیار نہیں۔ مغرب کا اپنا نظام بری طرح ناکام ہوچکا ہے اور اب وہ اسلام کی حقانیت تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام پوری کائنات کے لیے امن و محبت کا پیغام ہے، مغربی نظام نے انسانیت کو جنگ و جدل، خون خرابہ، فحاشی اور غربت دی، یہی وجہ ہے کہ دجالی نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے اور اب وہاں ایسی حرکات ہورہی ہیں جس سے دنیا کا امن خطرے میں ہے، مسلمانوں کے ایمان پر حملے ہورہے ہیں، مغرب میں مسلمان عورتوں کی تضحیک کی جاتی ہے، شعائر اسلام پر حملے ہورہے ہیں، مسلمانوں کے لیے یہ سب ناقابل برداشت ہے، اسلامی ممالک اور پاکستان کی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سویڈن کے واقعہ پر شدید سے شدید تر ردعمل دیں اور مسلمانوں کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی جائے، پہلے مرحلے میں تمام عالم اسلام سے سویڈن کے سفیروں کو نکالا جائے، او آئی سی حرکت میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واقعہ کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔