پی ڈی ایم حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل کیے گئے وعدوں میں سے ایک پر بھی عملدرآمد نہیں کیا۔سراج الحق
1سال پہلے
لاہور28 جون 2023ئ
امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل کیے گئے وعدوں میں سے ایک پر بھی عملدرآمد نہیں کیا، مہنگائی میں کمی کی بجائے سو فیصد اضافہ ہوا ، معیشت بہتر نہ ہوسکی۔ حکمران غیرترقیاتی اخراجات ، اپنی مراعات ، کرپشن کم کرنے میں ناکام رہے، ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا گیا، ڈنگ ٹپاو ¿ پالیسی جاری ہے ، منصوبہ بندی کا فقدان ہے ،قرضوں کے سہارے ملک نہیں چلتے۔ حکومت نے ایک سال میں تقریباً 15سو ارب کا ریکارڈ قرضہ لیا جو کہ یومیہ 41ارب بنتا ہے۔ حکمران ہمت کریں اور آئی ایم ایف سے جان چھڑائیں۔ موجودہ حکومت پی ٹی آئی کی پالیسیوں کا تسلسل ہے۔ بہتری کے لیے اسلامی نظام لانا ہوگا۔ پاکستانیوں سمیت پوری امت مسلمہ کو عیدالاضحی کے موقع پر مبارک باد دیتا ہوں، عید قربان کے باسعادت موقع پر قوم اللہ کے نظام کی بالادستی اور پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عزم کرے۔
منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت نے کہا کہ قوم کو استعمار کی تابعداری منظور نہیں، استحصالی نظام نے ملک تباہ کر دیا، پارلیمنٹ میں کسان کی نمائندگی جاگیردار، مزدور کی صنعت کار اورغریب کی کرپٹ سرمایہ دار کرتا ہے۔ عام پڑھا لکھا نوجوان اسمبلیوں میں جانا چاہیے، ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار ان کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔ حکمران جماعتوں نے جھوٹے اور دلفریب نعروں سے قوم کو دھوکا دیا، ان کو مزید آزمایا گیا تو مزید تباہی آئے گی، یہ لوگ آئندہ 100سال بھی حکمران رہیں تو ملک اور قوم کی حالت نہیں بدل سکتی۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک میں عدالتیں یرغمال ہیں، فائلیں نہیں ، چہرے دیکھ کر فیصلے ہوتے ہیں، احتساب کا نظام ختم ہوگیا، ملک پر مسلط حکمران امن وامان قائم کرسکتے ہیں نہ ان سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہے، یہ اپنی نسلوں کے لیے مال بنا رہے ہیں، پانامہ لیکس اور پنڈورا پیپرز میں انہی لوگوں کے نام آئے، توشہ خانہ تک کو نہیں چھوڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام طبقاتی ہے ، غریب کا بچہ اس سکول میں جاتا ہے جہاں پانی ، ٹاٹ اور چاردیواری نہیں دوسری جانب اشرافیہ کے لیے ایسا سکولنگ سسٹم ہے جہاں بچوں کو لنچ اور دودھ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری سے تباہ حال عوام پر ٹیکسز کا پہاڑ ڈال دیا گیا۔ نوجوان ڈگریاں جلا رہے ہیں، بیرونی سفارت خانوں کے باہر ملک کے قابل ترین افراد کی لائنیں لگی ہیں، پڑھا لکھا طبقہ حالات سے مایوس ہو کر ملک سے بھاگ رہا ہے۔ بلوچستان بارود کے ڈھیر پر ہے، خیبرپختونخوا میں سرکاری اور غیر سرکاری افراد کی لاشیں گر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں 85فیصد آبادی مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہے، سات کروڑ نوجوان بے روزگار ہیں۔
امیر جماعت نے کہا کہ اللہ نے اقتدار دیا تو ہم سب سے پہلا کام سود کا خاتمہ کر کے ملک میں ع ±شر و زکوٰة اور صدقات کا نظام متعارف کرائیں گے۔ پی ڈی ایم اپنے دور میں شرح سود بائیس فیصد تک لے گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ جماعت اسلامی پر پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی نااہلیوں کا بوجھ نہیں، ہمیں بھی وزارتوں کی آفر دی گئی، مگر ہمارا مطالبہ تھا کہ ملک کو اسلامی نظام دیا جائے۔