جماعت اسلامی کے سینئر رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ انسانی اقدار کو پامال کرنا معاشرے پر بہت بڑا ظلم ہے۔
1سال پہلے
لاہور19 مئی 2023ء
جماعت اسلامی کے سینئر رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ انسانی اقدار کو پامال کرنا معاشرے پر بہت بڑا ظلم ہے۔ گالم گلوچ، آتش زنی اور لوٹ مار کا کلچرمہذب معاشروں میں برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ اسلام کی بنیادی تعلیما ت کے اندر اختلاف بھی مہذبانہ انداز میں کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اختلا ف کوباہمی افہام وتفہیم سے حل کیا جاسکتا ہے نہ کہ اینٹ، پتھر او رگالی گلوچ سے،وطن عزیز میں ملک کے سیاستدانو ں نے ملک کی حالت کو اس قدر بگاڑدیا ہے کہ کوئی فریق دوسرے سے تہذیب و تمدن کے دائرے میں رہ کر گفت وشنید کے لیے آمادہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں خطب جمعہ میں کیا۔
انہوں نے کہاہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی بھاگ دوڑ کے نتیجے میں مذاکرات شروع ہوئے تو امید بند ھی تھی کہ سیاسی جماعتیں بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہو ئے بند گلی سے نکلنے کی کوشش کریں گی لیکن افسوس کہ فریقین نے تحمل و حکمت و دانش وعقل سے کام نہیں لیا جس کے نتیجے میں صورتحال میں مزید کشیدگی اور پیچیدگی پیدا ہوگئی۔ عام آدمی بھو ک اور افلاس کا شکار ہے، عوام نے بار بار چہرے تبدیل کرکے دیکھ لیے ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑا۔ نظام بدلے گا تو حالات بدلیں گے اور اس کے لیے عوام کو اپنی سابقہ روش پر نظرسانی کرنا ہوگی ورنہ زندگی اور بھی اجیرن ہوجائے گی۔