News Detail Banner

ملک دشمن عناصر کے ساتھ نرمی نہیں برتی جا سکتی، حافظ محمد ادریس

11مہا پہلے

ملک دشمن عناصر کے ساتھ نرمی نہیں برتی جا سکتی، حافظ محمد ادریس

لاہور17 مئی 2023ئ

نوجوانوں کی ہفتہ وار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ 9مئی بلاشبہ ملک و قوم کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ ملک کے اندر سے جو کچھ کیا گیا، ایسا ہمارا بدترین دشمن بھی ملک کے باہر سے کبھی نہ کر سکے گا۔ ہزاروں کی تعداد میں مسلح جتھے ملک کے تمام شہروں میں تباہی پھیلاتے رہے، ہر جانب آگ کے شعلے اوردھواں ہی دھواں تھا، اس موقع پر یوں لگا جیسے اس ملک میں کوئی قانون ہے نہ انسانی اخلاق، کوئی حکومت ہے نہ ملک میں امن و امان اور نظم و نسق قائم کرنے کا کوئی ادارہ موجود ہے۔ جن عناصر نے وطن عزیز کے اوپر یہ ظلم ڈھایا ہے خواہ وہ عامی ہیں یا خواص، مزدور ہیں یا اشرافیہ سبھی کو قانون کے مطابق عبرت ناک سزا ملنی چاہیے، مگر ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ گندم کے ساتھ گھن بھی پس جائے۔ فوجی عدالتوں کا قیام اس وقت مجبوری ہے، مگر اس کے ساتھ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنا بھی ارباب اختیار کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عدالتیں خواہ سول ہوں یا فوجی، شفافیت اور عدل ہر جگہ ہونا چاہیے اور وہ ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں حافظ ادریس نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دستور بالکل واضح ہے کہ ہم اس ملک میں پرامن جدوجہد اور عوام کی تائید کے ساتھ تبدیلی چاہتے ہیں، ملک کے اندر پرتشدد کارروائیاں بدترین جرم ہے۔