News Detail Banner

اسلام ہی دنیا میں امن کی ضمانت ہے،راشد نسیم

2سال پہلے

لاہور9 جولائی 2021 ء

    نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ دنیا میں جرائم، غربت اور جہالت کے خاتمے کے لیے قرآن و سنت کی تعلیمات سے روشنی اخذ کرنے کی ضرورت ہے۔ اسلام ہی دنیا میں امن کی ضمانت ہے۔ فلسطین، افغانستان، ترکی اور دیگر ممالک میں نوجوان دین فطرت کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔ اللہ کا نظام لوگوں کی فلاح اور ترقی کی ضمانت ہے۔ پاکستانی قوم بڑھ کر حضورؐ کی تعلیمات کو زندگی کا نمونہ بنائے، ان کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے علماء اکیڈمی منصورہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا۔

    راشد نسیم نے کہا کہ تمام تر ترقی اور ٹیکنالوجی کے عروج کے باوجود دنیا کی ایک بڑی آبادی غربت اور بھوک کا شکار ہے۔ عورت کی عزت محفوظ نہیں۔ لوگوں میں خودکشیوں کا رجحان بڑھ رہاہے۔ مادی ترقی کے باوجود انسانوں کو روحانی سکون میسر نہیں۔ ان مسائل سے نجات کا واحد راستہ نظام مصطفیؐ کا قیام ہے۔ انھوں نے کہا کہ 73برسوں میں پاکستان کے مسائل حل نہیں ہوئے۔ یہاں چند خاندانوں کا قبضہ ہے جنھوں نے ملکی وسائل کو ہڑپ کر رکھا ہے۔ ملک کو عظیم سلطنت بنانے کے لیے پاکستانیوں کو اللہ کے دین کے نفاذ کے لیے جدوجہد کرناہو گی۔ جماعت اسلامی کی سیاست کا مقصد فرد کے ذریعے معاشرے کی اصلاح ہے۔ اللہ کی مدد و نصرت اور عوام کی طاقت سے ملک میں پرامن اسلامی انقلاب لائیں گے۔