News Detail Banner

آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن اور سودی نظام نے پوری دنیا میں پاکستان کو رسوا کیا ہے۔لیاقت بلوچ

11مہا پہلے

لاہور26 اپریل 2023ء

مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن اور سودی نظام نے پوری دنیا میں پاکستان کو رسوا کیا ہے، قوم جاننا چاہتی ہے کہ یہ قرضے کس نے لیے اور کس نے ہڑپ کیے ہیں کیوں کہ ان قرضوں سے مٹھی بھر اشرافیہ کے لائف اسٹائل اور بنک بیلنس میں تو اضافہ ہوا مگر عام آدمی آج بھی دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے۔ ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے سیاسی قیادت سے بات چیت شروع کی ہے۔ ملک اس وقت نازک ترین دور سے گزر رہا ہے جبکہ سیاسی معاشی و اخلاقی بحران اپنی انتہا کو چھو رہا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ نے سب کو اپنی انگلیوں پر رکھا ہوا ہے۔اپنے مفادات کے کھیل کھیلے جا رہے ہیں۔ سیاسی قیادت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو ہاتھ ملتی رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمرکوٹ میں اللہ والاچوک پر منعقدہ عید ملن کے بڑے اجتماع سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔صوبائی امیر محمد حسین محنتی، ضلعی رہنما خلیل احمد کھوکھر، قومی اسمبلی کے نامزد امیدوار جان محمد سولنگی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔عید ملن اجتماع میں کارکنان سیاسی و سماجی رہنما اقلیتی نمائندے اور خواتین بھی موجود تھیں۔ 

لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھاکہ سیاست جمہوریت اور ووٹ کی طاقت اس لیے ہے کہ پاکستان ترقی کرے اور عوام کی خدمت ہوسکے۔مگر آج ساست کو گالی،انتقام اور پیسے بنانے کی فیکٹری بنا دیا ہے جس کی وجہ سے ملک انتشار و بے شمار مسائل کا شکارہے۔ پسے پردہ قوتیں سیاستدانوں کو مرغوں کی طرح لڑاکر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں۔اس وقت پاکستانی سیاست میں کافی انتشار ہے ہر ایک اپنی ضد و انا سے پیچھے ہٹنے اور ایک دوسرے سے بات چیت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں جس کی وجہ سے ملک مزید مسائل کے دلدل کی طرف دھنستا چلا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی نے خیر سگالی و درددل کے ساتھ سب سے رابطے شروع کئے ہیں تاکہ سیاسی تناؤ اور انتشار کے درجہ حرارت کو کم کیا جاسکے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ صرف پنجاب صوبہ میں انتخابات کرانا مسئلہ کا حل نہیں ہے بلکہ پورے پاکستان میں ایک ساتھ انتخابات کرائے جائیں۔ عام انتخابات ہی تمام مسائل کا حل ہیں دونوں فریقین کو آگ سے کھیلنے کی بجائے لچک اور افہام وتفہیم کے ساتھ تاریخ متعین کرکے آگے بڑھنا ہوگا۔قوم مفاد کی خاطر تمام سیاسی قیادت کو تلخیاں بھلاکر آگے بڑھنا ہوگا۔ 

قبل ازیں انہوں نے ٹالھی جونیجو میں فنگشنل لیگ کے ضلعی رہنما و دانشور لیاقت علی جونیجو کی چائے پارٹی جبکہ شوکت مجاہد کے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔ لیاقت بلوچ کا عمرکوٹ پہنچنے پر بھرپور استقبال اور گاڑیوں کے جلوس میں پنڈال لایا گیا۔ اجتماع میں ذمے داران کے علاوہ مختلف برادریوں کے سرکردہ رہنماوں نے لیاقت بلوچ کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا۔