پاکستان اور تمام اسلامی ممالک افغان عوام کی حمایت کریں،لیاقت بلوچ
3سال پہلے
لاہور9 جولائی 2021 ء
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و دفاع کونسل کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان جیت گئے اور عالمی استعماری امریکی طاقت ہار گئی۔ تمام استعماری اسلام دشمن قوتیں عظیم فتح کو فساد کے حوالے کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ اسلامی اور مغربی قوتوں کو تسلیم کر لینا چاہیے کہ افغان عوام اسلامی بالادستی کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی۔ ہر عالمی استعماری غاصب قوت کے خلاف یہ ان کی اصل طاقت ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور تمام اسلامی ممالک افغان عوام کی حمایت کریں۔ طالبان کی فتح کو دل سے تسلیم کیا جائے اور افغانستان میں ہر طرح کی بیرونی مداخلت بند کی جائے۔ طالبان اور تمام مجاہدین نے استقامت، قربانیوں اور اسلام و آزادی سے لگن کی عظیم تاریخ مرتب کی ہے۔ طالبان کے لیے چیلنج ہے کہ تاریخ اسلام میں فتح مکہ والی کامیاب حکمت عملی اختیار کریں۔ افغانستان میں امن، استحکام، عدل و انصاف، تعلیم، صحت اور روزگاری کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلیں۔ ہمیں یقین ہے کہ طالبان نے امریکہ اور نیٹو فورسز کے خلاف دوران جنگ، عالمی تعلقات، سفارت کاری اور مذاکرات میں کمال مہارت کا اظہار کیا ہے اور اب بھی اس امتحان میں کامیاب ہوں گے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت پاکستان اس مرحلہ پر ترجیح اول بنائے کہ کشمیر، افغانستان اور فلسطین کے حوالہ سے حکومت، اپوزیشن، پالیسی ساز اور ریاستی ادارے یک جان ہو کر ایک موقف اختیار کریں۔ افغانستان اور فلسطین کے ساتھ کشمیر کی آزاد ی کا مسئلہ جڑا ہوا ہے۔ افغانستان میں اسلام، قرآن و سنت کی نظریاتی جدوجہد کا میاب ہوئی ہے اور اب بھی اسلامی نظریہ حکمت ہی اس عظیم فتح کی حفاظت کرے گی۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ 10/جولائی کو جماعت اسلامی کی مرکزی سیاسی کونسل کا اجلاس منصورہ میں ہو گا۔ جماعت اسلامی سے وابستہ اورقومی سیاست میں معتبر مقام رکھنے والی شخصیات اظہار خیال کریں گی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان، جماعت اسلامی کی حکمت عملی پر کلیدی خطاب کریں گے۔ پاکستان کی سیاسی، اقتصادی، نظریاتی صورت حال، عوام کے مسائل اور بلدیاتی و قومی انتخابات کی تیاریوں کے لیے لائحہ عمل بنایا جائے گا۔