لوگوں کو بشارت دو متنفر نہ کرو از سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ
لوگ بڑا غضب کرتے ہیں کہ اسلام کے پروگرام کی ساری تفصیل چھوڑ کر کر اس کی سخت سزاؤں پر گفتگو شروع کر دیتے ہیں۔ اسلام پہلے عام لوگوں میں ایمان پیدا کرتا ہے ۔ پھر عوام کے اخلاق کو پاکیزہ بناتا ہے، پھر تمام تدابیر سے ایک ایسی مضبوط رائے عام تیار کرتا ہے جس میں بھلائیاں پھولیں پھلیں اور برائیاں پنپ نہ سکیں۔ پھر وہ ایسا معاشرتی، معاشی اور سیاسی نظام قائم کرتا ہے جس میں بدی کرنا مشکل اور نیکی کرنا آسان ہو جائے۔ وہ ان تمام دروازوں کو بند کرتا ہے جن سے فواحش اور جرائم نشوونما پاتے ہیں۔ اس کے بعد ڈنڈا وہ آخری چیز ہے جس سے ایک پاک معاشرے میں سر اٹھانے والی ناپاکی کا قلع قمع کیا جاتا ہے۔ اب اس سے بڑا ظالم اور کون ہو سکتا ہے جو ایسے برحق نظام کو بد نام کرنے کے لیے آخری چیز کو پہلی قرار دیتا ہے اور بیچ کی سب چیزوں کو نگل جاتا ہے ۔(تصریحات)