قیّمِ حلقہ، تنظیمی اضلاع، امیر ضلع
۴۔ قیّمِ حلقہ
(Divisional Secretary)
تقرر اور برطرفی:
دفعہ۶۴: قیّم حلقہ کا تقرر امیر حلقہ اپنی مجلسِ شوریٰ کے مشورے سے کرے گا اور وہ اسی وقت تک اس منصب پر قائم رہ سکے گا جب تک کہ امیر حلقہ اس کے کام سے مطمئن رہے۔
فرائض:
دفعہ ۶۵: (۱) قیّم حلقہ اپنے حلقے کے جملہ معاملات میں امیر حلقہ کا مددگار اور نمائندہ ہوگا اور وہ فرائض انجام دے گا جو امیر حلقہ اس کے سپرد کرے اور اپنے کام کے لیے امیر حلقہ کے سامنے جواب دہ ہو گا۔
(۲)قیّمِ حلقہ اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے سے پہلے امیر حلقہ کے سامنے وہ حلف اٹھائے گا جو اس دستور کے ضمیمہ نمبر۳ میں درج ہے۔
حصہ ششم
تنظیمی اضلاع
۱۔حدود اور نظام
ضلعی نظام:
دفعہ ۶۶: (۱) جماعتی تنظیم کے لیے تنظیمی اضلاع کے حدود صوبائی امیر اپنی مجلس ِ شوریٰ کے مشورے سے مقرر کرے گا۔
(۲) ضلعی نظام امیر ضلع، ضلعی مجلسِ شوریٰ اور قیّم ضلع پر مشتمل ہوگا۔ الاّ یہ کہ مقامی حالات عارضی طور پر کسی دوسرے انتظام کے متقاضی ہوں۔
(۳) ضلعی نظام نظمِ حلقہ کے تابع ہو گا اور اس کے واسطے سے نظم بالا سے تعلق رکھے گا۔
(۴) ہر ضلع کے ارکان پر نظمِ ضلع کی اطاعت لازم ہوگی۔
۲۔ امیر ضلع
(District Ameer)
حیثیت:
دفعہ ۶۷: ہر تنظیمی ضلع کا ذمہ دار ایک امیر ہوگا جو امیر ضلع کہلائے گا اس کی حیثیت اپنے ضلع میں امیر جماعت کے نمائندے کی ہوگی اور وہ اپنے امرائے بالا کے سامنے جوابدہ ہو گا۔
عزل و نصب:
دفعہ ۶۸: امیر ضلع کا عزل و نصب امیر جماعت، صوبائی امیر اور امیر حلقہ کے مشورے سے کرے گا اور اس میں جماعتی مصالح کے ساتھ ارکان ضلع کی رائے کو بھی زیادہ سے زیادہ ملحوظ رکھا جائے گا۔ امیر ضلع کا تقرر دو سال کے لیے ہوگا۔
حلف:
دفعہ۶۹: امیر ضلع اپنے منصب کی ذمہ داری سنبھالنے سے پہلے امیر صوبہ یا اس کے مقرر کردہ شخص یا اشخاص کے روبرو حلفِ امارت اٹھائے گا جو اس دستور کے ضمیمہ نمبر۱ میں درج ہے۔
فرائض و اختیارات:
دفعہ ۷۰: امیر ضلع اپنے ضلع میں پورے جماعتی نظم کا ذمہ دار ہو گا اور اس کے فرائض اور اختیارات اپنے ضلع میں بنیادی طور پر وہی ہوں گے جو امیر حلقہ کے حلقہ میں ہیں۔ (دفعہ ۵۶۔ ۵۷)