حکمران ٹرائیکا کی ناکامی اور نااہلی پوری قوم پر عیاں ہو گئی۔سراج الحق
1سال پہلے
لاہو09 مارچ 2023ء
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے عوام سے من و سلویٰ کے وعدے کر کے ایک وقت کی دال روٹی تک چھین لی، حکمران ٹرائیکا کی ناکامی اور نااہلی پوری قوم پر عیاں ہو گئی، تینوں کا عرصہ اقتدار تعمیر کی بجائے تخریب میں صرف ہوا۔ آج معیشت دیوالیہ، ادارے کمزور اور ملک مہنگائی کے ساتھ ساتھ بدامنی کی لپیٹ میں بھی ہے، حالات کی ذمہ دار حکمران جماعتیں ہیں۔ تینوں نے پارلیمنٹ کو کھلونابنایا، آئین اور قانون کا مذاق اڑایا۔ آج عدلیہ، الیکشن کمیشن اور نیب پر عوام کا اعتماد ختم ہو گیا، اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں ہر جلسے میں باتیں ہوتی ہیں، صرف عوام کا ادارہ بچا ہے جس سے فیصلہ لینا ہو گا۔ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ استحکام کی خاطر پورے ملک میں بیک وقت انتخابات ضروری ہیں۔ مرکز اور صوبہ کی اسمبلیاں قائم رہیں تودو صوبوں کے الیکشن پر اثر پڑے گا، اسی طرح انتخابات کے بعد دو صوبوں کی حکومتیں آئندہ نصف الیکشن پر اثرانداز ہو سکتی ہیں۔ قومی خزانہ بھی اس قابل نہیں کہ الگ الگ انتخابات کا بوجھ برداشت کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت جمعہ 10مارچ کو کوئٹہ روانہ ہوں گے جہاں وہ ”گوادر کو حق دو“ تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن اور ان کے ساتھیوں کی رہائی اور گوادر کے مقامی رہایشیوں کے حقوق کے لیے صوبائی دارالحکومت میں احتجاجی دھرنا میں شرکت اور خطاب کریں گے۔
امیر جماعت نے الیکشن کمیشن سے سوال کیا کہ بتایا جائے کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات مکمل کیوں نہیں کیے جاتے؟ کراچی کے شہری سوال کر رہے ہیں کہ کیا الیکشن کمیشن پر سندھ حکومت کا کوئی دباؤ ہے۔ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے قبل بھی دھاندلی کی، لیکن کراچی کے شہریوں نے بڑی تعداد میں جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، شہر کا میئر جماعت اسلامی کا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ، اس سے مذاق بند کیا جائے اور عوام بااختیار شہری حکومت قائم کی جائے۔
سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا، ان تینوں جماعتوں کی وجہ سے ملک کے فیصلے عالمی مالیاتی ادارے کے کلرک کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت میں مہنگائی کا 49سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، روپے کی قدر کاغذ کے ٹکڑے کے علاوہ کچھ نہیں، خطے کے سارے ممالک ہم سے آگے ہیں۔ آج آٹا، چینی، دالیں کی قیمت کروڑوں افراد کی پہنچ سے دور ہو گئی ہے، لوگوں میں ایک لیٹر پٹرول خریدنے کی سکت نہیں، بجلی اور گیس کے ماہانہ بل قیامت بن کر اترتے ہیں، ادویات تک کی قیمتوں میں 300فیصد اضافہ کیا گیا، لوگ بچوں کو سکول نہیں بھیج سکتے۔ انھوں نے کہا کہ حکمران اپنے پروٹوکول اور مراعات کم کرنے کو تیار نہیں، 85افراد پر مشتمل کابینہ کی فوج ظفر موج کم کی گئی نہ ان کے خرچے گھٹے، عوام پر 170ارب کے ٹیکسز لاد دیے گئے۔ انھوں نے کہا کہ حکمران قوم کے مجرم ہیں، انھوں نے حرام کی دولت اکٹھی کی، بیرون ملک جائدادیں بنائیں اور عوام کو بنیادی حقوق تک سے محروم رکھا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے اور صرف جماعت اسلامی ہی پاکستان کو اسلامی نظام دے سکتی ہے۔ قوم سے اپیل ہے کہ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کی آزمائی ہوئی پارٹیوں کی بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی ہو یا پی ٹی آئی کی، عوام کی حالت میں بہتری نہیں آئے گی، یہ پارٹیاں مافیاز کے فنڈز سے چلتی ہیں اور بعد میں اسی مافیا کو نوازا جاتا ہے۔