جماعت اسلامی خواتین کے حقوق کی علمبردار اور محافظ ہے، ہم خواتین کے انہی حقوق کی بات کرتے ہیں جو اسلام نے انھیں دیے۔ امیر العظیم
1سال پہلے
لاہو08 مارچ 2023ء
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے عالمی یوم خواتین پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی خواتین کے حقوق کی علمبردار اور محافظ ہے، ہم خواتین کے انہی حقوق کی بات کرتے ہیں جو اسلام نے انھیں دیے۔ مغرب کے ایجنڈے پر این جی اوز نے عورت کا استحصال کیا۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مخلوط نظام تعلیم اور مخلوط دفتری ماحول ختم کیا جائے، خواتین کو وراثت میں حصہ دیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ، ناظمہ لاہور حلقہ خواتین عظمیٰ عمران، نائب ناظمہ صوبہ پنجاب نازیہ توحید، زبیدہ جبین، سمیحہ راحیل قاضی، راشدہ شاہین اور صدر جے آئی یوتھ زیب آصف بھی اس موقع پر موجود تھے۔
امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین نے پاکستان میں مغرب کی دلدادہ این جی اوز اور ان کے ایجنڈے کے آگے بند باندھ دیا ہے۔ عزت مآب ماؤں، بہنوں، بیٹیوں نے عورت کے نام پر طوفان بدتمیزی اور بے حیائی کوروک دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کے اندر ایک گروہ عورت کو کنزیومر پراڈکٹ بنانا چاہتا ہے، لیکن عورتوں کے ساتھ ظلم و استحصال پر یہ گروہ آنکھیں بند کر لیتا ہے۔ نور مقدم کا بے دردی سے قتل، میرا جسم میری مرضی کا فرسودہ نعرہ لگانے والے طبقات کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ ہم مغربی ایجنڈے اور ان کے پروردوں کا ہر جگہ پیچھا کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ اگر حکومت خواتین کے حقوق کی بات کرتی ہے تو اسے جشن بہاراں منا کر نہیں بلکہ خواتین کو تمام حقوق دینے کا اقدام کرنا ہو گا۔ پاکستان میں وہ دن آنے والا ہے کہ عزت و آبرو اور تکریم کے لیے قوم جماعت اسلامی کے ساتھ کھڑی ہو گی۔