News Detail Banner

معاشی تباہی اور بدامنی کے ہوتے ہوئے ملک کے لیے سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ عوام کا اداروں پر اعتماد اٹھ گیا۔ سراج الحق

1سال پہلے

لاہور11فروری 2023ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ معاشی تباہی اور بدامنی کے ہوتے ہوئے ملک کے لیے سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ عوام کا اداروں پر اعتماد اٹھ گیا۔ عدالتیں ہوں یا احتساب کے ادارے اور الیکشن کمیشن، سیاستدان ہوں یا سیکورٹی اسٹیبلمشمنٹ، لوگ کسی پر اعتبار کو تیار نہیں۔ عالمی سطح پر اچھی حکمرانی کے جتنے انڈیکیٹرز ہیں، پاکستان کے حکمران ان میں سے کسی ایک پر پورا نہیں اترتے، یہ جھوٹ بولتے ہیں، قوم سے وعدے کرکے مکرنا ان کا معمول ہے، انہوں نے سیاست میں گالم گلوچ کا کلچر متعارف کروایا۔ آج پورے ملک میں آگ لگی ہے، افراتفری اور اندھیر نگری چوپٹ راج ہے۔ مساجد میں بم دھماکے ہورہے ہیں، لوگ آٹے کے لیے لائنوں میں لگے ہیں۔ مسائل کے حل کے لیے پورے ملک میں شفاف انتخابات کا ہونا ضروری ہے۔ الیکشن پراسس کو غیرجانبدار اور شفاف بنانے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز آپس میں بات چیت کا آغاز کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر ضلع مظہر اقبال رندھاوا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں سراج الحق کی قیادت میں مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور آئی ایم ایف کی ظالمانہ شرائط کے خلاف تین روزہ عوامی مارچ کا لاہور سے گوجرانوالہ پہنچنے پر استقبال ہوا۔ امیر جماعت نے عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو ایک دفعہ پھر وارننگ دی کہ اشیائے خورونوش اور پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں 35سے 50فیصد کمی کی جائے ورنہ عوام حکمرانوں کا گریبان پکڑ کر انہیں اقتدار سے باہر نکالیں گے۔ 

سراج الحق نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ ضرورت قوم کو منظم کرنے کی ہے۔ ملک پر مسلط حکمرانوں نے سیاست کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی درحقیقت کرپٹ ٹرائیکا ہے جنہوں نے مافیاز کی سپورٹ سے ملک میں مصنوعی بحران پیدا کرکے عوام کو لوٹا۔ ان تینوں کی وجہ سے ملک بند گلی میں داخل ہوچکا ہے، حکمران طبقہ کی لڑائی عوام کے لیے نہیں اپنے مفادات کے لیے ہیں، یہ مسلسل قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ جب پی ٹی آئی آئی تو کہا گیا کہ ہم ن لیگ اور پی پی کا گند صاف کر رہے ہیں اور جب پی ڈی ایم اور پی پی آئی تو دعوے ہورہے ہیں کہ ہم پی ٹی آئی کا ڈالا ہوا گند صاف کررہے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ ان سب نے مل کر گند ڈالا ہوا ہے۔ 

امیر جماعت نے کہا کہ بہتر یہ ہے کہ ملک میں متناسب نمائندگی کے اصول کے تحت انتخابات ہوں تاکہ لوگ نظریہ اور ویژن کو ووٹ دیں اور ووٹر پر مقامی جاگیردار، وڈیرے، پٹواری اور تھانیدار کا اثر ختم ہو۔ الیکشن کمیشن کا مالی اور انتظامی لحاظ سے خودمختار ہونا بے حد ضروری ہے۔ پورے ملک میں ایک ہی روز الیکشن ہونے چاہییں، خزانہ میں اتنی سکت نہیں کہ الگ الگ الیکشن کے اخراجات کا بوجھ برداشت کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام حق اور سچ کا ساتھ دیں، آزمائی ہوئی پارٹیاں بہتری نہیں لا سکتیں، صرف جماعت اسلامی ہی ملک کی تقدیر سنوار سکتی ہے۔