اقوامِ متحدہ کی جانبداری اور بے حِسی کی وجہ سے سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔لیاقت بلوچ
1سال پہلے
لاہور06فروری 2023ء
نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے سالانہ اجتماع، ورکرز ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ کے سالانہ اجلاس، یکجہتی کشمیر آل پارٹیز کانفرنس، کوہالہ پل پر آل پارٹیز یومِ یکجہتی کشمیر کانفرنس، مظفر آباد میں یکجہتی کشمیر کنونشن اور ریلی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر طویل مدت سے حل طلب مسئلہ ہے۔ اقوامِ متحدہ کی جانبداری اور بے حِسی کی وجہ سے سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ مسئلہ کشمیر کا اصل اور کلیدی فریق جموں و کشمیر کے عوام ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان یکطرفہ بنیاد پر اپنا حل کشمیریوں پر مسلط نہیں کرسکتے۔ حقِ خودارادیت ہی خطہ میں امن کا پائیدار حل ہے۔ ہندوستان فاشزم کی جو تدبیر اختیار کرے، کشمیریوں کی رگوں اور ہڈیوں سے آزادی کا عزم ختم نہیں ہوسکتا۔ پاکستان، آزاد جمہوں و کشمیر، گلگت-بلتستان اور ریاستی ادارہ پالیسی سازوں کو یک آواز، یک جان اور متفقہ قومی کشمیر پالیسی پر اکٹھا ہونا گا۔ آزاد جموں و کشمیر تحریکِ آزادیئ کشمیر کی لازوال جدوجہد اور قربانیوں پر کمپرومائیز نہ کرے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی کی پشت پر امریکہ، ہندوستان اور اسرائیل ہے۔ حکمران تذبذب سے باہر آئین، افغان عوام کی فتح کو تسلیم کریں، امریکہ کے خوف کو ترک کرکے ایران سے تعلقات کو مضبوط بنائے۔ خطہ میں پائیدار امن، استحکام اور اقتصادی و توانائی مسائل کا حل پاکستان، افغانستان اور ایران کے مضبوط، بااعتماد اور برادرانہ تعلقات میں ہے۔ وزیرِ خارجہ نے فاشسٹ مودی کو گجرات کا قصاب کہہ کر جرات کا مظاہرہ کیا لیکن اتحادی حکومت جارحانہ سفارتی حکمتِ عملی بنانے میں ناکام رہی۔ آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اور عالمی استعماری ادارے پاکستان کا بازو مروڑ کر کشمیر پر سودے بازی اوراسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرانا چاہتے ہیں۔ حکومت دباؤ کے سامنے جھکنے کی بجائے عوامی طابقت اور اعتماد کے ساتھ حق اور سچائی پر قائم رہے۔ جماعت اسلامی ہمیشہ جموں و کشمیر کے جراتمند عوام کی پشتی بان رہے گی، آزادی سورج طلوع ہوگا، ہندوستان بکھرجائے گا اور ہندوستان میں بڑھتے ظلم کے سمندر میں خود ہندوستان ہی ڈوبے گا۔