امیر العظیم کی قیادت میں جماعت اسلامی کا ملتان روڈ پر مہنگائی کے خلاف احتحاجی مظاہرہ
1سال پہلے
لاہور15جنوری 2023ء
جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ کمرتوڑ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی کرسی کی لڑائی میں غریب پس کر رہ گیا،پاکستان میں مہنگائی،بے روز گاری سمیت تمام مسائل کی ذمہ دار پی ڈی ایم،پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کی حکومتیں ہیں جو غریبوں کا خون چوس رہی ہیں اور اپنے پروردہ آٹا،چینی،مافیاز کو نواز رہی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی غربی لاہور کے زیر اہتمام ملتان روڈ پر مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرہ سے نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد، جنرل سیکرٹری خالد احمد بٹ اور عبد العزیز عابد نے بھی خطاب کیا۔
امیر العظیم نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر پورے ملک میں مہنگائی کیخلاف مظاہرے جلسے ہو رہے ہیں ہم حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ آٹا، چینی، بجلی، گیس اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کو فوری واپس لے اور روز مرہ ضرورت کی چیزوں کو سستا کرے۔انہوں نے کہا جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی ترجمان بن کر میدان میں نکلی ہے عوام ان کرپٹ حکمرانوں،وڈیروں، جاگیرداروں،کرپٹ سرمایہ داروں کے مقابلے میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ غریب کا چولہا بجھ چکا ہے، کرپٹ اور بددیانت حکمرانوں نے غریب کے منہ سے آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ جماعت اسلامی حکمرانوں کے اس عوام دشمن رویے پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کی ہدایت کر دی ہے۔ 21جنوری کو پنجاب اسمبلی کے سامنے زندہ دلان لاہور مہنگائی کے خلاف بہت بڑا مظاہرہ کریں گے۔
نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ پی ڈی ایم، پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے کچھ نہیں کر سکیں۔ اقتدار کی ہوس میں گتھم گتھا یہ پارٹیاں مسائل کے حل کے لیے نہیں اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے باہم دست و گریبان ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام ان لٹیروں کو مسترد کرکے جماعت اسلامی کی دیانت دار قیادت کا ساتھ دیں گے۔