News Detail Banner

بنگلہ دیش میں ظالم، بھارت کی پروردہ اور آمریت کی بدترین مثال حسینہ واجد اور اس کی حکومت کے مظالم مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں۔ حافظ محمد ادریس

1سال پہلے

لاہور15دسمبر2022ء

مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں ظالم، بھارت کی پروردہ اور آمریت کی بدترین مثال حسینہ واجد اور اس کی حکومت کے مظالم مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں۔ کتنے ہی بے گناہ لوگوں کو پھانسیوں پر لٹکانے کے باوجود حکومت بنگلہ دیش کے انتقامی جذبات کی تسکین نہیں ہو سکی۔ حکومتی مظالم کے خلاف بنگلہ دیش کی تمام اپوزیشن پارٹیاں اور عوام احتجاج کر رہے ہیں۔ بڑی اپوزیشن جماعت بی این بی کی اعلیٰ قیادت کو بھی گرفتار کر کے حوالات میں بند کیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی نے بھی حکومت کے خلاف پرامن احتجاج کا جمہوری حق استعمال کرنے کا اعلان کیا تو رات کی تاریکی میں امیر جماعت ڈاکٹر شفیق الرحمان کو ان کے گھر سے اٹھا لیا گیا۔ اسی طرح جماعت کی قیادت کے دیگر افراد کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

منصورہ سے جاری بیان میں حافظ ادریس نے کہا کہ بنگلہ دیش میں موجود پوری دنیا کے سفارت خانوں نے اس ظالمانہ اقدام پر آواز اٹھائی ہے، مگر بھارتی حکومت حسینہ واجد کی تحسین کر رہی ہے۔ بھارت اپنے ملک اور پورے خطے میں دہشت گردی اور بدامنی کا مجرم ہے۔ عالمی اداروں کو بنگلہ دیشی اور بھارتی حکمرانوں کے ان مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔ ڈاکٹر شفیق الرحمن اور دیگر تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کو آواز اٹھانی چاہیے۔