نئی نسل خصوصاً طلبہ و طالبات ملک و ملت کی اُمیدوں کا مرکز ہیں۔لیاقت بلوچ
2سال پہلے
لاہور15دسمبر2022ء
نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے گوجرانوالہ میں معروف سیاسی سماجی رہنما سید عصمت شاہ مرحوم کے تعزیتی ریفرنس، فیصل آباد میں اسلامی جمعیت طلبہ کے یوتھ ایکسپو اور منصورہ لاہور میں سیاسی انتخابی مرکزی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کردار، اخلاق اور خدمت کا عمل انسان کو امر کردیتا ہے۔ مثالی اسلامی فلاحی خوشحال معاشرہ کے لیے امربالمعروف اور نہی عن المنکر کا فرض پوری قوم کی گردن پر قرض ہے۔ پاکستان میں ایمان و کردار، صلاحیتوں، وسائل کی کمی نہیں۔ بیڈگورننس، ہر میدان میں مفادپرستی، لالچ، ہوس اور بدعنوانیوں نے ملک و مِلت کو رُسوا کردیا ہے۔ مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے لِسانی، علاقائی، قومیتی تعصبات سے بالاتر ہوکر پوری قوم کو اُمتِ واحدہ بنانے کے لیے کردار و ذہن سازی کی جدوجہد کی اور معاشرہ میں مرجع الخلائق چراغ روشن کیے۔ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اجتماعی قیادت، منظم، اہل، دیانت دار اجتماعیت کی ضرورت ہے۔ اہل، محبِ وطن افراد کو متحد کرکے پاکستان کو اسلامی، خوشحال اور باوقار بنانا جماعت اسلامی کی جدوجہد کا ہدف ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ نئی نسل خصوصاً طلبہ و طالبات ملک و ملت کی اُمیدوں کا مرکز ہیں۔ اعلیٰ تعلیم، مضبوط اخلاق و کردار، والدین، اساتذہ کے احترام اور ملک و ملت سے ایمان و یقین کے ساتھ وابستگی ہی نوجوان نسل کی منزل ہونی چاہیے۔ پاکستان میں وسائل، صلاحیتوں کی کمی نہیں لیکن دھوکے باز، مفاد پرست، کرپٹ سیاسی نظام نے قیامِ پاکستان کے مقاصد کو داغدار کیا ہے۔ حکومتوں نے تعلیم اور تعلیمی سہولیات کو ترجیح نہیں بنایا۔ علمی، سائنسی تحقیق کے لیے وسائل نہ ہونے کے برابر ہیں؛ کھیل کے میدان ویران کرکے نوجوان نسل کو منشیات کے بھیانک موت کے کنویں میں دھکیل دیا گیا ہے۔ طلبہ و طالبات منظم ہوں، تعلیم، روزگار، جمہوری حقوق کے حصول اور اسلامی تہذیب، قومی غیرت پر کوئی کمپرومائیز نہ کریں۔ طلبہ اور نوجوانو کو ہی پاکستان کو جاگیرداروں، نودولتیوں اور مفادپرست کرپٹ عوام دشمن کلب سے نجات دِلانا ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ ہر دور میں نئی نسل کی رہنما اور محسن تنظیم ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نئے دور کے نئے چیلنجز کا بلند کردار اور غیرمتزلزل عزم کیساتھ مقابلہ کرے۔ پاکستان کو تاقیامت سلامت رہنا ہے، پاکستان کے دشمن ناکام و نامراد ہوں گے۔