توشہ خانہ چور اور نااہل قیادت نے معیشت تباہ اورملک کو مفلوج کر دیا،جماعت اسلامی کی مخلص ودیانت دار قیادت ہی ملک کو موجودہ بحران اورقوم کو مسائل سے نجات دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے،امیرالعظیم
2سال پہلے
لاہور14دسمبر2022ء
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم نے کہاہے کہ کرپٹ، توشہ خانہ چور اور نااہل قیادت نے معیشت تباہ اورملک کو مفلوج کرکے رکھ دیا، جماعت اسلامی کی مخلص ودیانت دار قیادت ہی ملک کو موجودہ بحران اورقوم کو مسائل سے نجات دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ جماعت اسلامی نہ صرف عوام کے امیدوں کی کرن بلکہ ملک کی واحد دینی، سیاسی، جمہوری اورموروثیت سے پاک جماعت ہے، باقی سب خاندانی وپرائیویٹ لمٹیڈکمپنیاں ہیں۔ قوم نے تمام پارٹیوں کو آزما لیا جنھوں نے لوٹ مارومہنگائی کے تحفوں کے سواکچھ بھی نہیں دیا، اب حقیقی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کو موقعہ ملنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سیل جماعت اسلامی سندھ کے دورے کے موقع پربات چیت کے دوران کیا۔ مرکزی رہنما نے صوبائی امیرمحمد حسین محنتی کی اہلیہ کی وفات پرتعزیت اورمرحومہ کی مغفرت ودرجات بلندی کی دعا بھی کی۔ صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد مسلم اورسیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا بھی اس موقع پر ساتھ موجود تھے۔
امیر العظیم نے مزید کہا کہ سیاسی کشیدگی بڑھانے اورذاتی مفادات کی بجائے ملک وقوم کے مفادات کو سامنے رکھ کرپالیسیاں بنانے سے ہی ملک ترقی کرسکتا ہے۔ عالم اسلام کو درپیش چیلنج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایک امت کے تصور کو اجاگرکرنے سے ہی اغیارکی تمام سازشوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔