News Detail Banner

حکومت اور عمران خان سیاسی، انتخابی، اقتصادی بحرانوں کے سدھار کے لیے سنجیدہ نہیں۔ لیاقت بلوچ

1سال پہلے

لاہور08 دسمبر2022ء

نائب امیر جماعت اسلامی، صدر مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی انتخابی امور کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور عمران خان سیاسی، انتخابی، اقتصادی بحرانوں کے سدھار کے لیے سنجیدہ نہیں۔ مذاکرات کا عمل سراسر دھوکہ ہے اور ایک دوسرے کی مدد کرکے عوام کو بے یقینی کی دلدل میں دھکیلا جارہا ہے۔ عوام سیاسی، اقتصادی، اخلاقی،تہذیبی بحرانوں کا حل چاہتے ہیں۔ فوج میں آرمی چیف کی تقرری سے حالات بہتری کی طرف بڑھے لیکن سیاسی بنااہل ہٹ دھرم قیادت ذاتی انا اور نفرتوں کی شدت کے حصار سے باہر آنے کے لیے تیار نہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا نظام چلانے کے لیے قراردادِ مقاصد، آئین پاکستان، اکابر علما کرام کے 22نکات، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے تمام مسالک کے اکابر علماء کا متفقہ ضابطہ اخلاق، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے بہت مضبوط بنیاد اور واضح روڈمیپ دے چکے ہیں لیکن ریاستی ادارے اور سیاسی جمہوری پاپولر قیادت عمل کے لیے تیار نہیں۔ پاکستان کے عوام گڈگورننس اور ذمہ دارحکمران چاہتے ہیں۔ معاشرہ کے لیے آئین و قانون کی بالادستی پر مبنی نظامِ حکمرانی ناگزیر ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ریاستی ادارے، سول-ملٹری اسٹیبلشمنٹ 75 سال سے جاری اپی عدم حکمت، بالادستی کی روش اور غلطیوں کا اعتراف کرے۔ اسٹیبلشمنٹ نے نااہل، نالائق اور چھاتہ بردار قیادت مسلط کرکے ریاست، ریاستی اداروں اور جمہوریت و پارلیمنٹ کے ساتھ ظلم و ناانصافی کی۔ انتشار زدہ بوسیدہ نظام اب نہیں چل سکتا۔ شفاف، غیرجانبدارانہ اور متناسب نمائندگی کی بنیاد پر انتخابات جمہور اور جمہوریت کے لیے استحکام لاسکتے ہیں، وگرنہ ہر عام اور ضمنی انتخاب مزید تباہی لائے گا اور نسل در نسل خرابیاں بڑھتی چلی جائیں گی۔

لیاقت بلوچ نے کچی آبادی کے نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت ناکام اور نااہل ہے۔ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنادی ہے۔ ہر چیز کی قمت دوگنا سے زیادہ ہوگئی ہے۔ عوام فاقہ کشی، خودکشی پر مجبور ہیں۔ بجلی، گیس، روزمرہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں غریب آدمی کے لیے ناقابلِ برداشت ہیں۔ پی ڈی ایم اور تحریکِ انصاف کی ترجیحات میں عام آدمی کے مسائل کی کوئی حیثیت نہیں۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، انشاء اللہ ملک بحرانوں سے نجات پائے گا۔