News Detail Banner

ملک پر مسلط سیکولر جماعتیں ڈلیور کرنے میں ناکام ہو گئیں، کسی نے توشہ خانہ لوٹا تو کسی نے قومی خزانے میں نقب لگایا۔ راشد نسیم

1سال پہلے

لاہور05 دسمبر2022ء

نائب امیرجماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط سیکولر جماعتیں ڈلیور کرنے میں ناکام ہو گئیں، کسی نے توشہ خانہ لوٹا تو کسی نے قومی خزانے میں نقب لگایا۔ جماعت اسلامی کے پاس بہترین مواقع ہیں، کارکنان دین کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اور عوام کو اسلامی انقلاب کے لیے تیار کریں۔وہ مانسہرہ میں کارکنان جماعت اسلامی کے لیے منعقدہ تربیت گاہ سے خطاب کر رہے تھے۔ نائب امیر صوبہ عبیدالرحمن عباسی اور امیر ضلع طارق شیرازی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

راشد نسیم نے کہا کہ مایوس ذہن مایوسی کی باتیں پھیلاتے ہیں، بعض حلقوں کی طرف سے دعوے کیے جاتے ہیں کسی تحریک کی طبعی عمر 75برس ہوتی ہے جو بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔ انھوں نے کہا کہ یورپ میں ایسی تنظیمیں ہیں جو دو سو سال سے بھی زائد عرصہ سے موجود ہیں، اسی طرح مصر میں محمد مرسی کی حکومت قائم ہوئی تو اخوان المسلمین کی عمر 87برس تھی، آج اخوان سو برس کی ہو گئی ہے اور مصر کی سب سے پاپولر جماعت ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس آگے بڑھنے کے لیے بہترین مواقع موجود ہیں، بنیادی شرط یہ ہے کہ صالحیت کے ساتھ دین کے پیغام کو پوری محنت سے عام کیا جائے۔