معذوروں کے عالمی دن کو روایتی نہیں بلکہ شاندار طریقہ سے منایا جانا چاہیے۔ امیر العظیم
1سال پہلے
لاہور30 نومبر2022ء
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ معذوروں کے عالمی دن کو روایتی نہیں بلکہ شاندار طریقہ سے منایا جانا چاہیے۔ خصوصی افراد کی صلاحیتوں کو نمایاں کیا جائے اور انھیں معاشرہ میں عزت و تکریم کے ساتھ مختلف امور سرانجام دینے کی ذمہ داری دی جانی چاہیے تاکہ وہ کسی قسم کے احساس کمتری کا شکار نہ ہوں۔ وہ الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام عالمی یوم معذوراں کے حوالے سے منصورہ میں ہونے والی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں خصوصی صلاحیتوں کے حامل مرد و خواتین کی بڑی تعداد کو مدعو کیا گیا تھا۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے سپیشل پرسنز میں خصوصی تحائف، ویل چیئرزاور سفید چھڑیاں تقسیم کیں۔ سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ، الخدمت پنجاب وسطی کے صدر اکرام الحق سبحانی، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور انجینئر احمد حماد رشید، مغیث قریشی، خالد احمد بٹ و دیگر شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
امیر العظیم نے کہا کہ اقوام متحدہ نے پورے سال میں ایک روز کو معذوروں کے نام مختص کیا ہے، ہمیں ہر روز خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا ہو گا۔ انھوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کو تجویز پیش کی کہ معذور افراد کو درپیش مسائل کے حل کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیے جائیں۔
اس موقع پرمعذور افراد نے مطالبہ کیا کہ حکومت پنجاب اورنج ٹرین، میٹرو ٹرین اور سپیڈو بس سروس میں معذور افراد کو مفت سفری سہولت فراہم کرے، احساس کفالت /راشن پروگرام میں معذور افراد کی رجسٹریشن کی جائے، آنکھوں کی بینائی اور جسمانی معذور افراد کو ماہانہ دس ہزار مالی امداد دی جائے، معذور افراد کے لیے دستکاری سنٹرز بنائے جائیں، معذوروں کو شادی گرانٹ دی جائے، تعلیمی اداروں میں معذوروں کی داخلہ فیس اور ٹیوشن فیس ختم کی جائے، سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں معذور افراد کو انکم ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے، عیدین کے موقع پر معذوروں کو مالی امداد دی جائے۔