گوادر کے رہائشی تین ہفتوں سے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دیے بیٹھے ہیں، لیکن بے حس حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔امیر العظیم
1سال پہلے
لاہور17 نومبر2022ء
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ گوادر کے رہائشی تین ہفتوں سے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دیے بیٹھے ہیں، لیکن بے حس حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔
منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ جھوٹے وعدے کرنا اور عوام کو دھوکا دینا حکمرانوں کا وطیرہ بن چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گوادر کے باسی عرصہ دراز سے اپنے حقوق کے لیے پُرامن تحریک چلا رہے ہیں لیکن حکمرانوں نے ان کے جائز مطالبات کو بھی تسلیم نہیں کیا بلکہ ہمیشہ لیت و لعل سے کام لیا۔ انھوں نے سوال کیا کہ کیا حکومت چاہتی ہے کہ بلوچستان کے عوام توڑ پھوڑ کا راستہ اختیار کریں یا بدامنی پیدا کریں؟
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت عوام کے مطالبات تسلیم کرے۔ بصورتِ دیگر جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام سے یکجہتی کے لیے ملکی سطح پر تحریک چلائے گی۔
امیر العظیم نے کہا کہ بلوچستان میں غربت اور بے روزگاری پہلے ہی ملک کے دوسرے خطوں کی نسبت بہت زیادہ ہے، نوجوانوں کی بڑی تعداد بے روزگاری کا شکار جب کہ سیلاب نے رہی سہی کسر نکال دی۔ ان تمام حالات میں وفاقی و صوبائی حکومتیں بلوچستان کے عوام کو ہر طرح سے دھوکادے رہی ہیں۔ تمام تروسائل ہونے کے باوجود صوبے کی عوام کو سازش کے ذریعے بنیادی سہولیات تک سے محروم رکھا گیا۔ صوبے کو سکول، ہسپتال اور بہتر انفراسٹرکچر درکار ہے۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار دیا جائے۔ صوبے کے عوام وہاں کے وسائل کے وارث ہیں انھیں بھیک نہیں اپنا حق چاہیے۔