News Detail Banner

یوتھ لیڈرشپ کنونشن فرسودہ نظام کے خلاف حتمی جدوجہد کے آغاز کا اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔سراج الحق

1سال پہلے

لاہور26 اکتوبر2022ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ یوتھ لیڈرشپ کنونشن فرسودہ نظام کے خلاف حتمی جدوجہد کے آغاز کا اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ حکمران سن لیں کہ ملک کا ہر باشعور پڑھا لکھا نوجوان ان سے بیزار ہے۔ حکمرانوں نے اپنی نسلوں کا مستقبل محفوظ جب کہ ملک کے عام پڑھے نوجوانوں کا تاریک بنایا۔ملک اور بیرون ملک اربوں کے اثاثے بنانے والے عوام کو مزید دھوکا نہیں دے سکتے۔ پی ڈی ایم، پی ٹی آئی کی حکومتوں کی پالیسی میں رتی برابر فرق نہیں، دونوں اطراف نے ملک کا حلیہ ہی بگاڑ دیا، ظاہری جنگ صرف اسٹیبلشمنٹ سے سپورٹ حاصل کرنے کے لیے ہے۔ ملک میں ہر شعبہ زوال کا شکار اور افراتفری کا عالم ہے۔ امن و امان کی صور تحال دگرگوں، مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ کشتی بھنور میں ہچکولے کھا رہی ہے اور حکمران مزے لے رہے ہیں۔ وسائل سے مالامال ایٹمی اسلامی پاکستان کا تماشا بنا دیا گیا۔ چترال سے کراچی تک ہر شخص حکمرانوں کا نوحہ کہہ رہا ہے۔ 65فیصد نوجوان ہی ملک کی تقدیر سنوارسکتے ہیں، انھیں منظم کر کے فرسودہ نظام کے خلاف جہاد کا آغاز کر رہے ہیں۔ 30 اکتوبر کے یوتھ لیڈرشپ کنونشن میں آئندہ کا لائحہ عمل دوں گا۔ اتوارکو ملک بھر سے نوجوان مینار پاکستان کے سائے تلے اکٹھے ہو کر قوم کو امید سحر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں ”پاکستان زندہ باد یوتھ لیڈر شپ کنونشن“ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔

سراج الحق نے کہا کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر عملاً زیرو ہو چکے ہیں۔ سٹیٹ بنک میں پڑے سوا سات ارب ڈالر بیرونی ممالک اور آئی ایم ایف کی دی ہوئی رقوم ہیں۔ سودی قرضوں کی ادائیگی کے لیے حکومت کے پاس رقم نہیں، ملک ڈیفالٹ کے قریب پہنچ گیا۔ کرپٹ حکمرانوں کی کرپٹ پالیسیوں کی وجہ سے22کروڑ پاکستانیوں کو یہ دن دیکھنا پڑ رہے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے غیر ملکی ایجنڈا کے تحت پالیسیاں بنائیں، دونوں اطراف نے ایک دوسرے کو سپورٹ کیا۔ حکمران جماعتوں کی ذاتی مفادات پر مبنی سیاست سے سوسائٹی بدترین پولرائزیشن کا شکار، معیشت اور معاشرت زوال کا شکار ہے، ان کا ایجنڈا قوم کو لڑاؤ اور تقسیم کرو ہے۔ حکمرانوں نے نوجوانوں کو سب سے بڑا دھوکا دیا۔ پی ٹی آئی ایک کروڑ نوکریوں کے وعدے کرتی رہی، اس کے چار سالہ اقتدار میں بے روزگاری کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔ پی ڈی ایم نے گزشتہ سات ماہ کے دوران مزید تباہی کی بنیاد یں رکھیں۔ 

امیرجماعت نے کہا کہ عوام کو فرسودہ اور کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد کرنا ہو گی۔ نوجوان مایوس ہونے کی بجائے جماعت اسلامی میں شامل ہوں۔ ثابت ہو گیا کہ گھسے پٹے نظام سے عوام کی حالت نہیں بدل سکتی،نظام کو بدلنا ہو گا۔ نوجوان صبح روشن کی نوید بنیں اور ملک کو استعمار کے غلاموں سے نجات دلانے کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت جماعت اسلامی کے علاوہ سبھی جماعتیں اقتدار میں ہیں اور ان کے نعرے صرف اور صرف لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکمران نعروں کی بجائے کارکردگی بتائیں جو حکمران ملک کو مسائل سے نکالنے کے جھوٹے نعرے لگا رہے ہیں دراصل وہی ملک کے تمام مسائل کے ذمہ دار ہیں، قوم ان کے دھوکا میں نہ آئے۔ جماعت اسلامی پڑھے لکھے نوجوانوں کو ایوانوں میں لانا چاہتی ہے، ہماری منزل پرامن جمہوری جدوجہد سے پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکمران عوام کے نہیں، استعمار کے نمائندے ہیں، نوجوان ہی ملک کو جاگیرداروں، وڈیروں اور مافیاز کے چنگل سے آزاد کرا سکتے ہیں۔ قوم آزمائے ہوئے لوگوں سے مزید دھوکا نہیں کھائے گی۔