News Detail Banner

عشق رسولؐ کا تقاضا ہے کہ حکمرانی قرآن و سنت کی ہو۔ حافظ محمد ادریس

2سال پہلے

لاہور12 اکتوبر2022ء

مرکز جماعت اسلامی منصورہ کے آڈیٹوریم میں ہفتہ وار درس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ نبی پاکؐ سب سے محسن خلقِ خدا ہیں۔ حضور پاکؐ نے دنیا کو عدل و انصاف کا مثالی نظام حکومت عطا فرمایا۔ آپؐ نے تمام انسانوں کو برابر کے حقوق کی ضمانت دی۔ آپؐ نے کھلے عام یہ اعلان کیاکہ زمین و آسمان اور ساری کائنات اللہ کی ہے، تو حکومت کا بھی اسی وحدہ لاشریک کو حق ہے۔ کوئی بھی حکمران اللہ کے حکم کے خلاف آرڈر جاری کرے تو یہ خالق حقیقی کے خلاف بغاوت ہے۔ ہمارے پاس وہ مکمل نظام ہے جس میں پرندوں سے لے کر جانوروں تک کے حقوق کا بھی تحفظ کیا گیا ہے۔ غیر مسلم اقلیتوں کو حقوق کی ضمانت دیتے ہوئے آپؐ  نے فرمایا کہ ان کے حقوق چھیننے والوں کے خلاف میں اللہ کی عدالت میں خود استغاثہ کروں گا۔

حافظ ادریس نے کہا کہ آج کتنا بڑا المیہ ہے کہ ہم اپنی سیاست و معیشت اور تعلیم و ثقافت سے لے کر سماج اور معاشرت ہر فیلڈ میں کافرانہ نظام اور بے خدا تہذیب کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔ حضور پاکؐ سے حقیقی محبت و عشق کا تقاضا یہ ہے کہ آپ کے ہر حکم پر سر جھکا دیا جائے اور آپؐ کی شریعت کے خلاف ہر عمل کا خاتمہ کیا جائے۔ صحابہ کرامؓ نے محض جھنڈیاں لگا کر، قمقمے جلا کر اور جلوس نکال کر حبّ و عشق رسول کا مظاہرہ نہیں کیا۔ انھوں نے تو آپؐ کے ہر حکم پر جانیں قربان کیں، اسی لیے وہ دنیا میں سپر بن کر زندہ رہے۔ آج ہم اس راستے کو چھوڑ کر ذلت و رسوائی میں مبتلا ہیں۔