پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کو اس وقت متعدد چیلنجز درپیش ہیں۔ مغرب میں خواتین کی عزتیں محفوظ نہیں، نشہ اور خودکشیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔راشد نسیم
2سال پہلے
لاہور08 اکتوبر2022ء
نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کو اس وقت متعدد چیلنجز درپیش ہیں۔ مغرب میں خواتین کی عزتیں محفوظ نہیں، نشہ اور خودکشیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان کی ستر سالہ تاریخ بھی گواہ ہے کہ تمام حکومتوں اور ڈکٹیٹروں نے ملک کے مسائل میں اضافہ کیا۔ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے قوم کواستعمار کا غلام اور ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں ضلع گوجرانوالہ کی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
راشد نسیم نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کے نت نئے سکینڈلز سامنے آ رہے ہیں۔ ایک جانب پارلیمنٹ میں بیٹھے بہت سارے لوگوں پر لوٹ مار، بددیانتی کے مقدمات ہیں، دوسری جانب ملک جرائم، لاقانونیت اور بدانتظامی کا شکار ہے۔ ملک میں تمام تجربے ناکام ہو چکے، اب قوم کے دکھوں کا مداوااسلامی نظام میں ہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس کے کسی فرد پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں۔ عوام آزمائی ہوئی تمام جماعتوں کو مسترد اور جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کرے۔ ہم ملک میں قرآن وسنت کے نظام کا نفاذ چاہتے ہیں۔