News Detail Banner

ٹرین مارچ کی عوامی پذیرائی قابل تحسین، حکمرانوں کی ملک اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے سراج الحق

1سال پہلے

لاہور28 جون2022ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرین مارچ کی عوامی پذیرائی قابل تحسین، حکمرانوں کی ملک اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سودی معیشت نے تباہی مچا دی، پی ٹی آئی کے بعد پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کی اتحادی حکومت بھی عوام کے لیے مصیبتیں اور پریشانیاں لے کر آئی۔ جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے، قوم کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ جاگیرداروں، وڈیروں اور ظالم سرمایہ داروں نے وسائل سے مالامال ملک کا حلیہ بگاڑ دیا۔ جن لوگوں نے مہنگائی کے خلاف ریلیاں نکالیں تھیں، حکومت میں آتے ہی اسے جواز فراہم کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ قوم استعمار کے وفاداروں سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں انھوں نے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد کے والد محمد صادق کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ مرحوم کی نماز جنازہ جماعت اسلامی کے رہنما حافظ محمد ادریس نے پڑھائی۔ شرکا میں نائب امیر لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، امیر پنجاب جنوبی جاویدقصوری،سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، ڈپٹی سیکرٹری جنرل وقاص انجم جعفری، اظہر اقبال حسن، ناظم مالیات نذیر احمد جنجوعہ، میاں مقصود احمد، ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ اور دیگر شامل تھے۔ امیر جماعت اور دیگر قیادت نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کا اظہار کیا۔

امیر جماعت نے کہا کہ مہنگائی، کرپشن، سودی معیشت، بدامنی اور بے روزگاری کی وجہ پاکستان جل رہا ہے۔ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے معیشت کا سقوط ہو چکا اور ادارے برباد ہوگئے ہیں۔ تینوں بڑی سیاسی جماعتیں اس بحرانی کیفیت کی ذمہ دار ہیں۔ تباہی پھیلا کر بھی حکمران جماعتیں سنجیدگی کا راستہ اپنانے سے گریزاں ہیں۔ حکمرانوں کا کرپشن کے خاتمہ کا ایجنڈا سرے سے ہی موجود نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی نے اپنے اپنے ادوار میں مافیاز کو نوازا اور غریبوں پر عرصہ حیات تنگ کیا۔ یہ لوگ ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی دھکیلنے کے ذمہ دار ہیں۔ملک ہمارا اور فیصلے واشنگٹن کے بند کمروں میں ہوتے ہیں۔ 75سالوں سے مختلف نعروں پر جاگیردار، وڈیرے اور ظالم سرمایہ دار قوم کو دھوکا دے رہے ہیں۔ ایک طرف دولت کے ڈھیروں پر بیٹھی ظالم اشرافیہ اور دوسری ملک کی آدھی سے زائد آبادی بنیادی ضروریات کے لیے ترس رہی ہے۔زرعی ملک ہونے کے باوجود کاشتکار پریشان ہے۔غریب کسان کو سخت محنت کے بعد بھی اپنا حق نہیں ملتا۔آج ملک میں قانون کی حکمرانی کا تصور تک نہیں، طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون اور عدالتیں ہیں۔ موجودہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی نے ملک لوٹا ہے، سابقہ وزیراعظم موجودہ کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ تینوں پارٹیاں ایک دوسرے کے بارے میں سچ بول رہی ہیں۔ انہوں نے کہ پی ڈی ایم والے دعوے کرتے تھے کہ وہ ملک کو ٹھیک کردیں گے مگر تین ماہ کے دوران حالات مزید بدتر ہوگئے۔ 

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے رحیم یار خان سے راولپنڈی تک شدید گرمی میں تین روزہ ٹرین مارچ عوام کے حقوق کے لیے کیا۔ ہم پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پاکستان کے مسائل کا حل سودی معیشت اور کرپٹ سسٹم اور اس کے رکھوالوں سے چھٹکار حاصل کرنے میں ہے۔ قوم ہمارا ساتھ دے تاکہ بہتر، خوشحال اسلامی پاکستان کی بنیاد رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ اللہ نے جماعت اسلامی کو موقع دیا تو ہم ملک کو کرپشن فری پاکستان بنائیں گے