News Detail Banner

پاکستانی عوام کے دل ہمیشہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں: لیاقت بلوچ

9دن پہلے

لاہور15 جون2022ء

حکومتیں بدلتی رہیں پاکستانی عوام کے دل ہمیشہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔پاکستان کے عوام اور ملک کی سیاسی جماعتیں بانیان پاکستان کے تعین کردہ فلسطین پالیسی کے مطابق کبھی بھی اسرائیلی غاصب ریاست کو قبول نہیں کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے فلسطین کے سفیر احمد امین سے ملاقات میں کیا۔ لیاقت بلوچ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے ایک اعلی سطحی وفد کی قیادت کر رہے تھے اس وفد میں ان کے علاوہ سید ثاقب اکبرڈپٹی سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل، علامہ عارف حسین واحدی نائب صدر اسلامی تحریک پاکستان، پیر صفدر شاہ گیلانی سیکریٹری جنرل جمعیت علمائے پاکستان، پیر معین الدین کوریجہ سربراہ علماء و مشائخ کونسل، مفتی گلزار احمد نعیمی سربراہ جماعت اہل حرم پاکستان، علامہ احمد اقبال رضوی وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین، پیر عبد الشکور نقشبندی مرکزی راہنما جمعیت علمائے اسلام سینیئر، ڈاکٹر طارق سلیم صدر ملی یکجہتی کونسل شمالی پنجاب، علامہ جعفر نقوی سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل شمالی پنجاب، طاہر تنولی سیکریٹری مالیات شامل تھے۔ سید ثاقب اکبر نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل غاصب صہیونیوں کا واپس لوٹنا ہے، فلسطین فقط فلسطینیوں کا ہے۔ ہم دوریاستی حل کو قبول نہیں کرتے۔ فلسطین میں ایک ہی ریاست ہے۔وفد کے دیگر اراکین نے بھی فلسطینیوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور فلسطینی عوام کی جرات مندانہ جدوجہد میں پاکستانی عوام کی جانب سے حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ فلسطین کے سفیر کے احمد امین نے وفد کیا راکین کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور وفد کو علامہ اقبال کی فلسطین کانفرنس میں شرکت کی تصاویر دکھائیں۔