News Detail Banner

رمضان صبر و ہمت اور رحمتوں کا مہینہ ہے،حافظ محمد ادریس

1سال پہلے


لاہور15 اپریل 2022ء

مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ رمضان صبر و ہمت اور رحمتوں کا مہینہ ہے۔ اس مبارک ماہ میں حق و باطل کی جنگ ہوئی جس میں اللہ نے حق کو فتح عطا فرمائی اور اسلام دشمن رسوا ہوئے۔قرآن و سنت کا نظام پوری دنیا کے لیے رحمت اور انصاف کا نظام ہے۔ طاغوتی اور سرمایہ دارانہ نظام نے دنیا کو غلامی اور بھوک ننگ کے سوا کچھ نہیں دیا۔ سودی کاروبار سے ملک میں رحمت نہیں بلکہ امریکا اور آئی ایم ایف کی شکل میں مصیبتیں نازل ہوتی ہیں۔ لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس گئے۔ چہروں کے بدلنے سے ملک میں تبدیلی نہیں آئے گی، اس ظالمانہ نظام کو بدلنے کی اشد ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ اسلامی نظام ہی ملک میں خوشحالی لا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ ادریس نے کہا کہ آئی ایم ایف کی غلامی میں مظلوم مزید چکی میں پستا جا رہا ہے جب کہ سرمایہ داروں کے بنک بیلنس تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ عوام انصاف کے حصو ل کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں بے یقینی کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ شفاف الیکشن کا اعلان کیاجائے۔ پانی میں مدھانی سے کچھ حاصل نہیں ہوتا بلکہ برتن ٹوٹنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا نے اقوام متحدہ کے دہرے معیار کو دیکھ لیا، کشمیر و فلسطین کے مظلوم لوگ کے خلاف ظلم کی داستان لکھی جا رہی ہیں ان کو قتل کیا جا رہا ہے اور ان کی املاک کو نذرآتش کر دیاجاتا ہے۔ مقبوضہ خطے میں خواتین کی بے حرمتی کی جا ری ہے۔ اس کے باوجود اقوام متحدہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔