News Detail Banner

جمعرات اور جمعہ کو ہر شہر میں حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مظاہرے کیے جائیں گے،سراج الحق

2سال پہلے

لاہور16فروری 2022ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ظلم کی انتہا کر دی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کے خلاف دو روزہ ملک گیر ا حتجاج ہو گا۔ جمعرات اور جمعہ کو ہر شہر میں حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مظاہرے کیے جائیں گے۔ پٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل میں 10سے 12روپے اضافہ کو مسترد کرتے ہیں۔ حکومت فی الفور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 50فیصد کم کرے، لیوی اور کسٹم ڈیوٹی ختم کر کے عوام کو سبسڈی دی جائے۔ اشیائے خوردونوش، ادویات اور بجلی کی قیمتیں بھی آدھی کی جائیں۔ عوام دشمن اقدامات ختم نہ ہوئے تو دھرنوں سے حکمرانوں کو گھر بھیجیں گے۔ عوام حکومت کے خودکش حملوں کا جواب دینے کے لیے باہر نکلے اور جماعت اسلامی کے احتجاج میں شامل ہو۔ پاکستان دنیا کا مہنگا ترین ملک، لوگوں پر عرصہئ حیات تنگ کر دیا گیا۔ حکمران غریب مکاؤ مہم چلا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت کی غریب کش پالیسی جبر و ناانصافی کی آخری حدیں عبور کر گئی۔ آئی ایم ایف کے احکامات کی تابعداری جاری،عوام پر مہنگائی کے کوڑے برس رہے ہیں۔ ملک عالمی مالیاتی اداروں کا اصطبل بن گیا۔ معیشت تباہ ہو گئی، وزیراعظم اپوزیشن کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ سرمایہ دارانہ کرپٹ سودی نظام، کرپشن جاری، وزیراعظم ساتھ ساتھ کمال ڈھٹائی سے ملک کو مدینہ کی ریاست بنانے کے دعوے بھی کر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی ہی پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکمران بری طرح ایکسپوز ہو گئے۔ گزشتہ 73برسوں میں ظالم حکمران اشرافیہ نے عوام کو سوائے دکھوں اور تکلیفوں کے اور کچھ نہیں دیا۔ ہماری منزل کرپشن فری اسلامی پاکستان ہے۔ دین میں ہی انسانیت کی راہ نجات ہے۔ قرآن و سنت کی تعلیمات کو اپنا کر ہی ہم اپنی دنیاوی و اخروی زندگی میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب اور مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ انھوں نے جماعت اسلامی کے قائدین اور کارکنان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ گوجرانوالہ میں جمعہ کو ہونے والے تیسرے دھرنے کو بھی بھرپور طریقہ سے کامیاب کرانے کے لیے عوامی رابطہ مہم میں مزید تیزی لائیں۔ سراج الحق نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعرات اور جمعہ کو ہونے والے ملک گیر مظاہروں میں بھرپور شرکت کر کے حکمرانوں کو پیغام دیں کہ ا ب انھیں مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

امیر جماعت نے کہا کہ حکومت نے رات کے اندھیرے میں تیل کی قیمتوں میں ایک دفعہ پھر اضافہ کر دیا ہے۔ منگل کو آدھی رات قیمتوں میں یک بار اضافہ ملکی تاریخ کا شاید سب سے بڑا ہے۔ حکومت نے ثابت کر دیا کہ اسے مہنگائی کے مارے عوام کی کوئی پروا نہیں۔ موجودہ حکومت کے دور میں ملک میں لاکھوں نوجوان بے روزگار ہوئے، عام شخص دو وقت کا کھانا بھی افورڈ نہیں کر سکتا۔ لوگ پریشان ہیں، نوجوان مایوس ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن موجودہ حکومت کے ٹریڈ مارکس بن گئے۔ نااہل حکمرانوں نے قوم کا وقت ضائع کیا اور تباہ کن معاشی پالیسیاں تشکیل دیں۔ حکومت امریکا، آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کی مکمل تابعداری کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم اقتدار میں آنے سے قبل پٹرول کی قیمت کو 50روپے فی لیٹر کرنے کے دعوے کرتے تھے۔ انھوں نے نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے اور 50لاکھ گھر تعمیر کرانے کے اعلانات بھی کیے۔ وزیراعظم بھیک مانگنے پر خودکشی کو ترجیح دینے کی بات بھی کرتے تھے۔ ساڑھے تین برس گزر گئے، وزیراعظم نے اپنے ہر وعدے سے انحراف کیا اور وہ قوم سے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان قرآن کا پیغام ملک کے کوچے کوچے میں عام کریں۔ پاکستان کو اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، مگر گزشتہ سات دہائیوں میں ایک روز کے لیے بھی یہاں اسلامی نظام نافذ نہیں ہوا۔ جماعت اسلامی کی لڑائی کسی فرد یا جماعت سے نہیں بلکہ کرپٹ سسٹم سے ہے۔ ہم نظام بدلنا چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی پرامن، جمہوری اسلامی انقلاب پر یقین رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام نے تمام جماعتوں کو آزما لیا، اب ایک دفعہ جماعت اسلامی کو موقع دیں۔ انھوں نے کہا کہ ظالموں کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔ قوم نیک، صالح اور اہل قیادت کو منتخب کرے جو کہ جماعت اسلامی کی صورت میں انھیں دستیاب ہے۔