کشمیری عوام کی نسل کشی پر عالمی اداروں کی بے حسی اور خاموشی مجرمانہ فعل ہے،حافظ محمد ادریس
2سال پہلے
لاہور4 فروری 2022ء
جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی نسل کشی پر عالمی اداروں کی بے حسی خاص کر عالم اسلام کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے۔ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے نوجوانوں کا قتل عام، خواتین کی بے حرمتی اور گھروں کو نذر آتش کرنا معمول بن گیا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیر آزاد ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ ادریس نے کہا کہ کشمیر زمین کے ٹکڑے کا مسئلہ نہیں بلکہ لاکھوں مسلمانوں کے ایمان اور آزادی کا مسئلہ ہے۔ حکمرانوں کی کشمیر پر ایک منٹ کی خاموشی مستقل خاموشی میں بدل چکی ہے۔ حکومت کی نااہلی نے کشمیر کے مسئلے کو سردخانے میں ڈال دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سامراجی نظام نے لوگوں کو غلام بنایا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو سازشوں کے ذریعے تقسیم کیا گیا ہے۔ ہمارے حکمران خاندانی نظام کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ اسلامی دنیا کو دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونا چاہیے۔