اندرون لاہور، بھیرہ اور ملتان کے تاریخی و ثقافتی ورثہ کو محفوظ بنایا جائے،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ
2سال پہلے
لاہوریکم فروری 2022ء
نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ اندرون لاہور، بھیرہ اور ملتان کے تاریخی و ثقافتی ورثہ کو محفوظ کرنا اور انھیں تجاوزات، ناجائز قبضوں اور توڑ پھوڑ سے بچانا انتہائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اولڈ سٹی اتھارٹی کے چیئرمین کامران لاشاری کے دفتر میں ان سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں ڈاکٹر حسین احمد پراچہ اور ڈاکٹر انوار احمد بگوی بھی موجود تھے۔
وفد نے تاریخی قصبہ بھیرہ کے قدیم دروازوں، تاریخی ریلوے سٹیشن، شیرشاہ سوری کی تاریخی مسجد اور بھیرہ کے تمام آثار قدیمہ کی بحالی، تعمیر و مرمت اور حفاظت کے سلسلہ میں تجاویز دیں۔ وفد نے بھیرہ کے قدیم نوادرات کے سلسلہ میں دستاویزات اور کتب بھی اتھارٹی کو ہدیہ کیں۔
کامران لاشاری نے وفد کو اس سلسلہ کی تمام کاوشوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ موٹروے کے بھیرہ انٹرچینج پر بھیرہ کے سلسلہ میں دستاویزی فلمیں، کتب اور نقشے مہیا ہوں گے۔ بھیرہ کے تاریخی شہر کی سیاحت کے لیے ہر طرح کی سہولتیں دی جائیں گی۔