مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ عوام پی ٹی آئی سے مکمل مایوس ہو چکے،راشد نسیم
2سال پہلے
لاہور15جنوری2022ء
جماعت اسلامی کے نائب امیر راشد نسیم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے مدینہ کے نام پر قوم کو دھوکہ دیا۔ مہنگائی، بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ عوام پی ٹی آئی سے مکمل مایوس ہو چکے۔ن لیگ اور پی پی بھی ملک کی تباہی میں برابر کے ذمہ دار ہیں۔تینوں حکمران جماعتوں نے ملک وقوم کے ساتھ دھوکہ کیا۔ عوام جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع دیں۔اللہ کی مددونصرت سے پاکستان کو عظیم اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔وہ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔
راشد نسیم نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ میں ہے۔ 73برسوں سے ظالم اشرافیہ نے ملک کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا، قرضوں کا پہاڑ عوام کے سروں پر لادا اور بچے بچے کو مقروض کردیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں اسلامی نظام نافذ ہوجاتا تو مشرقی پاکستان بنگلہ دیش نہ بنتا۔آج بلوچستان میں بھی عوام محرومیوں کا رونارو رہے ہیں اور دوسرے علاقوں میں بھی بے پناہ مسائل کا شکار ہیں۔ان تمام مسائل کا حل ملک میں اسلامی نظام کا نفاذہے۔ جماعت اسلامی پاکستان میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کے لیے جدوجہدکررہی ہے۔ قوم سے اپیل ہے کہ ہمارا ساتھ دیں۔