جماعت اسلامی ہی ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،لیاقت بلوچ
2سال پہلے
لاہور04جنوری2022ء
نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کے رہنما ملک ایوب مرحوم تعزیتی ریفرنس اور اچھرہ میں عوامی ناشتہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان سے ہر طرح کی ناانصافی، جبر، انتہاپسندی اور امتیاز و تعصبات کا خاتمہ کرکے اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانا چاہتی ہے۔ اسٹیٹس کُو، اسٹیبلشمنٹ کی بالادستی اور سیاسی جمہوری قوتوں کی نااہلی اور مفاداتی سیاست کی وجہ سے قومی وحدت، گُڈگورننس کے خاتمہ اور ملک کی مخدوش ہوجانے والی حاکمیت کی کیفیت ختم کرکے پاکستان کو حقیقی معنوں میں آزاد، باوقار، مستحکم ملک بنانا ہماری منزل ہے۔ سماج اور اقتصادی نظام پر ظالمانہ ٹیکسوں کا نظام اور عالمی استعماری اداروں اور قوتوں کی بالادستی کا خاتمہ اور معاشرہ میں تہہ در تہہ عدم مساوات اور بالادست بگڑے اشرافیہ کی بالادستی، چھوٹ اور مراعات کا خاتمہ کرکے خودانحصاری، اپنے وسائل پر اعتماد، سُود کا خاتمہ اور اسلام کا معاشی نظام نافذ کرنا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ فوجی آمریتوں، مسلم لیگ اور پی پی پی کی ناکامیوں کے تسلسل پی ٹی آئی کی حکمرانی کے تجربات ناکام ہوچکے ہیں۔ ملک آئی ایم ایف کی غلامی اور سخت گیر شکنجے کا شکار کردیا گیا ہے۔ مہنگی بجلی، مہنگا پٹرول، رشوت، کرپشن اور پیداواری لاگت کا ناقابلِ برداشت بوجھ مہنگائی، بے روزگاری کی ہولناکی بڑھارہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان خوابوں، تصورات، خوبصورت تقریروں اور لاپروائی کی خلاؤں میں رچ بس گئے ہیں۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی وحدت، اتفاق رائے کی حکمت عملی کی بجائے مفاد اور انتہا پسندی میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔ حکومتی ناکامیاں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو بلدیاتی انتخابات سے فرار پر مجبور کررہی ہیں۔ جماعت، اسلامی بااختیار بلدیاتی نظام اور انتخابی اصلاحات کے ساتھ شفاف و غیرجانبدارانہ انتخابات کی جدوجہد جاری رکھے گی۔
لیاقت بلوچ نے یاہڑپانوالہ (منڈی بہاؤالدین) کی معصوم اور ذہنی کمزور بچی کے ساتھ درندگی اور اجتماعی زیادتی کی مذمت کی، متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور درندوں کو عبرت بنانے کا مطالبہ کیا۔