News Detail Banner

وزیر اعظم اپنی آمدن کی تفصیلات قوم کے سامنے لائیں،محمد جاوید قصوری

2سال پہلے

لاہور 4 جنوری  2022

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کروڑوں روپے انتخابی مہمات پر خرچ کرکے اسمبلیوں میں پہنچنے والوں کے ٹیکس گوشوراے دیکھ کراحساس ہوتا ہے کہ وہ کتنے غریب ہیں۔ اسلامی جمہوری پاکستان کے ایک سابق وزیرا عظم ایسے بھی ہیں جنہوں نے صفر روپے ٹیکس ادا کیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا ٹیکس دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ ان کی آمدن کروڑوں، اربوں روپے میں ہے۔ وزیرا عظم نے 2018ء میں صرف 2لاکھ 82ہزار روپے ٹیکس اد کیا جبکہ اس سال انہوں نے 98لاکھ روپے ٹیکس ادا کر کے قوم کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے، وزیر اعظم عمران اپنی آمدن کی تفصیلات قوم کے سامنے لائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو سابق وزراء اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعلیٰ خیبر پی کے سمیت 331ارکان نے اپنے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہیں کروائے جبکہ ایوان بالا کے بھی 17ممبران نے گوشوارے جمع کروانے کی زحمت نہیں کی۔ یہ ہے وہ نیا پاکستان جس کا خواب قوم کو دکھایا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جب تک قوم کے منتخب نمائندے خود ٹیکس ادا نہیں کریں گے، عوام میں یہی کلچر فروغ نہیں پاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ صرف تین دنوں میں 15کلو آٹے کا تھیلا 40روپے تک مہنگا ہوچکا ہے۔ حکومت نے عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تحریک انصاف کا سورج بھی غروب ہونے والا ہے۔ عوام نے تینوں جماعتوں کو آزمالیا ہے۔ مسلسل چوروں، لٹیروں اور کرپٹ افراد کو آزمانے سے ملک و قوم کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ عوام کو درپیش مسائل کوصرف اور صرف جماعت اسلامی حل کرسکتی ہے۔