News Detail Banner

اسلامی حکومت اعلانات نہیں اقدامات پر یقین رکھتی ہے،راشد نسیم

2سال پہلے

لاہور04جنوری2022ء

نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ اسلامی حکومت اعلانات نہیں اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ آزاد فکر اور دین کا رجحان رکھنے والے لوگ اقتدار میں آئیں گے، تو معیشت، سیاست، عدالت سمیت ہر شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔ جماعت اسلامی فرد کی اصلاح پر یقین رکھتی ہے۔ افراد کی تربیت سے ایسا معاشرہ تشکیل دینے کی جدوجہد کر رہے ہیں جو اخوت، امن، انصاف اور ترقی کا گہوارہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں ”اسلامی ریاست کیوں اور کیسے؟“ کے عنوان پر مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

راشد نسیم نے کہا کہ اسلامی ریاست کی جھلک دیکھنی ہو تو افغانستان اس کی زندہ مثال ہے۔ افغانستان میں مجاہدین نے دین کی دولت سے سرشار ہو کر ٹیکنالوجی سے لیس بڑی طاقتوں کو شکست دی۔ ایمان و حریتِ فکر سے لیس انسان کہیں بھی انقلاب برپا کر سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تربیت گاہوں اور دیگر پروگرامات کی مدد سے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے برسرپیکار ہے۔ جماعت اسلامی کی حکومت آئے گی توکوئی وزیرخزانہ مغرب کا غلام نہیں ہو گا۔ حکومت میں موجود ہر شخص کا احتساب ہو گا، قانون سب کے لیے ایک ہو گا اور وزیراعظم سمیت ہر شخص کو فنڈز کا حساب دینا پڑے گا۔ ملک میں تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات ہر شخص کو میسر ہوں گی۔ عدالتوں میں انصاف سستا اور فوری ملے گا اور پاکستان دنیا کا عظیم ملک بن کر ابھرے گا۔