News Detail Banner

امت مسلمہ کا عروج دین فطرت میں ہے،راشد نسیم

3سال پہلے

لاہوریکم جنوری2022ء

نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کا عروج دین فطرت میں ہے۔ تاریخ گواہ کہ امت مسلمہ لبرل ازم اور سیکولرازم کے راستے پر چل کر کبھی آگے نہیں بڑھ سکتی۔ دنیا میں جتنے بھی مسلمان ممالک ہیں مغرب کے ہاتھوں ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ کسی مسلمان ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں اسلامی جمعیت طلبہ کے گرینڈ احباب کنونش سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

راشد نسیم نے کہا کہ جب تک یہ امت اور مسلمان ممالک اسلام کی طرف نہیں پلٹیں گے، اسلامی نظام کو نافذ نہیں کریں گے اور حضور اکرمؐ کے لائے ہوئے نظام کے مطابق نظام حکومت تشکیل نہیں دیں گے، یہ دنیا میں کبھی آگے نہیں بڑھ سکتے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں اصول واضح کر دیا ہے کہ جب تک تم پورے کے پورے اسلام میں داخل نہیں ہو جاؤ گے، آگے نہیں بڑھ سکتے۔ انھوں نے کہا کہ امت مسلمہ میں آدھا تیتر اور آدھا بٹیر نہیں چلے گا۔ دین فطرت اور امت کسی شخصیت کے محتاج نہیں ہیں۔ اسلام میں اتنی کشش ہے اس پر چل کر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔