سپریم کورٹ کی جانب سے16ہزار ملازمین کی بحالی کے فیصلے کو سراہتے ہیں،محمد جاوید قصوری
2سال پہلے
لاہور 18دسمبر 2021
امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے سپریم کورٹ کی جانب سے از خود نوٹس کے ذریعے 16ہزار ملازمین کی بحالی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے سرکاری ملازمین کو تحفظ کا احساس ملے گا۔ حکمرانوں کی جانب سے لوگوں کو روزگار دینے کی بجائے ان کو بے روز گار کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں یہ ہمارے حکمران طبقے کی بے حسی،نااہلی اور غیر سنجیدہ طرز عمل کی علامت ہے۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر ملک کی تاریخ میں سب سے بلند سطح181.50روپے کا ہوچکا ہے جس سے قرضوں میں 2ہزار 550ارب کا اضافہ ہو ا ہے۔ ملک کی پوری معیشت آئی ایم ایف کے شکنجے میں ہے۔ آئی ایم ایف کے اشاروں پر عوامی مسائل سے لاتعلق حکمران مسلط کرکے پاکستان کے عوام کے ساتھ دھوکا کیا گیا ہے۔ پائیدار ترقی و خوشحالی کے لیے قوم کو جماعت اسلامی کی بے داغ اور ایماندار قیادت کو موقع فراہم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔ شعبہ زراعت انتہائی کسمپرسی کا شکار ہے۔ کاشتکاروں کو ان کی محنت کا صلہ نہیں مل رہا۔ زرعی آلات اور کھادوں کی قیمتوں میں ہوشر با اضافے سے کسانوں کی مشکلات بڑھ چکی ہیں۔ ہمارے کاشتکار ہمارا سرمایہ ہیں۔ جب تک ان کو درپیش مسائل انکی دہلیز پر حل نہیں کیے جائیں گے، اس وقت تک ملک میں خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ د جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اگرموجودہ حکمرانوں نے اپنی روش نہ بدلی تو ان کا انجام بھی ماضی کے حکمرانوں جیسا ہوگا۔ ملک کی بد حالی کے ذمہ دار مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور تحریک انساف ہیں۔ قوم ان کی اصل حقیقت جان چکی ہے۔