News Detail Banner

ملک میں گیس نہیں پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہو رہی ہے،سراج الحق

2سال پہلے


لاہور15 دسمبر2021ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں گیس نہیں پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہو رہی ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری کے ستائے عوام نااہل حکمرانوں کو مزید برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ حکمران ساڑھے تین سالوں میں اپنے لیے خود گڑھا کھودا۔ قوم کو جھوٹے وعدوں اور دعوؤں پر ٹرخایا گیا۔ وزیراعظم مسلسل مدینہ ریاست کا نام لے کر عوام کے جذبات سے کھیلتے رہے۔ حکمرانوں نے اب تک ایک قدم بھی ملک کو اسلامی فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے نہیں اٹھایا۔ سودی اور سرمایہ دارانہ معیشت کے ہوتے ہوئے مدینہ کی ریاست کیسے بن سکتی ہے۔ سٹیٹ بینک آئے روز شرح سودمیں اضافہ کر دیتا ہے۔ حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا۔ مافیاز وزیراعظم کے اردگرد بیٹھے ہیں۔ کرپشن اور بیڈ گورننس عروج پر ہے۔ پی ٹی آئی کے دور میں ملک کی نظریاتی اساس پر حملے ہوئے۔ سیکولر اور دین بیزار طبقہ پوری شدت سے معاشرے پر حملہ آور ہے۔ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں، اہل اور صالح قیادت درکار ہے۔ سالہاسال سے ملک کے ریسورسز کو لوٹنے والوں کا یوم حساب قریب آ گیا ہے۔ لوگ جوق در جوق جماعت اسلامی کی صفحوں میں شامل ہو رہے ہیں۔ عوام بلدیاتی انتخابات اور آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی پر اعتماد کریں۔ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کو اس کی حقیقی منزل دلوائیں گے۔ اقتدار میں آ کر عوام کے دیرینہ مسائل حل کریں گے اور کرپٹ عناصر کا کڑا احتساب ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے تیمر گرہ دیرپائن میں تحریک انصاف کے بانی رکن اور منتخب صوبائی جوائنٹ سیکرٹری ملک رحمان اللہ ایڈووکیٹ کی جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر ہونے والے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی ضلع دیرپائن اعزاز الملک افکاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے ملک رحمان کو جماعت اسلامی میں شمولیت پر مبارک باد دی اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ جماعت سے وابستہ ہر فرد پوری توانائی پاکستان کو اسلامی فلاحی معاشرہ میں تبدیل کرنے کے لیے صرف کرے گا۔ قبل ازیں سراج الحق نے خواتین کنونشن سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر انھوں نے زور دیا کہ جماعت اسلامی کی خواتین دین کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں دین بیزار اور سیکولر طبقہ کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے خواتین اپنا کردار ادا کریں۔ 

عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکومتی وزرا میں اہلیت اور ویژن کی کمی ہے۔ ملک میں نہ گیس ختم ہورہی ہے اور نہ ہی ہمیں وسائل کی قلت کا سامنا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو چار موسموں، بہترین اور زرخیز زمین، بندرگاہوں اور معدنیات کے ذخائر سے نوازا ہے۔ پاکستان کے 22کروڑ عوام محنتی اور جفاکش ہیں، ملک کے نوجوان باصلاحیت اور پڑھے لکھے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کے وسائل پر قابض اشرافیہ سے جان چھوٹے اور اہل اور ایماندار لوگ آگے آ کر عنان اقتدار سنبھالے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو جاگیرداروں اور وڈیروں سے نجات حاصل کرنے کے لیے پرامن جمہوری جدوجہد کرنا ہو گی، جس کے لیے جماعت اسلامی کا پلیٹ فارم سب سے بہتر ہے۔ جماعت اسلامی سے وابستہ افراد نے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دیں اور اہلیت اور کارکردگی کی مثالیں قائم کیں۔ پی ٹی آئی ساڑھے تین سال سے جب کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ماضی میں مسلسل اقتدار کے مزے لیے، مگر ڈیلیور کرنے میں ناکام ہوئیں۔ اب عوام کے پاس واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔ تینوں بڑی جماعتیں جاگیرداروں اور وڈیروں کے کلب ہیں جنھیں غریبوں کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کا جو حال کیا ہے اس کا رونا گوادر سے لے کر پشاور تک ہر شخص رو رہا ہے۔ 

سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کے اعلانات کے باوجود اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔ وزیراعظم کا ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ وفا نہ ہو سکا۔ لاکھوں گھر تعمیر کرنے کا اعلان ہوا، مگر ایک شخص کو چھت فراہم نہیں کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ عوام متحد ہو کر جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں۔