کسی ایک انسان کو ناحق قتل کرنا قرآن کے الفاظ میں پوری انسانیت کا قتل ہے،حافظ محمد ادریس
3سال پہلے

لاہور07 دسمبر2021ء
طلبہ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ ہر شخص کو معلوم ہونا چاہیے کہ اسلام نے انسانی جان کی حرمت کا درس بھی دیاہے اور اس کے لیے پورا قانونی نظام بھی عطا کیا ہے۔ کسی ایک انسان کو ناحق قتل کرنا قرآن کے الفاظ میں پوری انسانیت کا قتل ہے۔ کسی شخص کا کوئی بھی جرم ہو اسے کسی دوسرے شہری یا مجمع کو قتل کرنے کی اجازت اسلام ہرگز نہیں دیتا۔ جرائم کا فیصلہ عدالتوں کے دائرہئ اختیار میں ہے۔ عالمی قوتیں اور اسلامو فوبیا کی تحریکیں اسلام کے خلاف صف آرا ہیں۔ کچھ بعید نہیں کہ ان کے نیٹ ورک مسلمان ممالک میں اپنے کارندوں کے ذریعے سیالکوٹ جیسے واقعات کی پلاننگ اور عمل درآمد کا دھندہ چلاتے ہوں۔ ایسے واقعات کی باریک بینی سے تحقیق و تفتیش اور حقائق جاننا ضروری ہے۔ اس طرح خون ریزی اور قتل و غارت گری کے مرتکب افراد خواہ عوام ہوں یا حکمران کو قرار واقعی سزا دینا اسلامی عدل و انصاف کا تقاضا ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی لازمی ہے کہ اگر اسلام اور پیغمبر اسلام کی گستاخی کا کہیں بھی ارتکاب ہو تو قانون کے مطابق اور دلائل کے ساتھ اس کے مرتکبین کو سزا دی جائے۔