News Detail Banner

قرآن و سنت کا نظام پوری انسانیت کے لیے رحمت، عدل و مساوات کا درس دیتا ہے،حافظ محمد ادریس

3سال پہلے

لاہور03 دسمبر2021ء

مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کا نظام پوری انسانیت کے لیے رحمت، عدل و مساوات کا درس دیتا ہے۔ جو انسان اللہ کا بندہ بن جائے تو اسے کسی قسم کا خوف نہیں رہتا۔ سامراجی نظام نے ہمیشہ انسانیت کو ذلیل و خوار کیا۔ اس نظام نے ہر دور میں لوگوں کو اپنی غلامی میں رکھنے کے لیے نت نئے قوانین بنائے۔ سودی قرض عوام کے لیے ایسا پھندہ کہ جس سے عوام کا نکلنا دشوارہو چکا ہے۔ پاکستان کو سود کی ایسی دلدل میں پھنسا دیا گیا، جس سے نکلنا اب محال ہو گیا۔ آج سود کے قرض کو اتارنے کے لیے بھی مزید سود پر قرض لینے پڑ رہے ہیں۔ حکومت کو اپنی حماقتوں کی وجہ سے دشواریاں پیدا ہو رہی ہیں۔ غربت اور مہنگائی کا سونامی حکومتی کشتی کو لے ڈوبے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ ادریس نے کہا کہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری سودی معیشت کا شاخسانہ ہے۔ سود کی وجہ سے ملک میں برکت اٹھ جاتی ہے۔ حکمرانوں اور عوام کو مل کر اللہ سے اجتماعی توبہ کرنے کی اشد ضرورت ہے، تاکہ اللہ ہمیں معاف کر دے۔ حکمران دن کو کچھ اور رات کو کچھ اور کہتے ہیں۔ غریب کا چولھا ٹھنڈا، پیٹ خالی اور چہرے پریشان نظر آتے ہیں۔ چند نوالے عوام کے لیے مشکل بنا دیے گئے۔ جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کا نظام چاہتی ہے۔ جس سے ملک میں خوشحالی آئے گی۔ کوئی فرد دوسرے کا محتاج نہیں ہو گا۔