تبدیلی تباہی جبکہ سونامی رسوائی کانام بن چکی ہے،لیاقت بلوچ
3سال پہلے
لاہور03 دسمبر2021ء
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ تبدیلی تباہی جبکہ سونامی رسوائی کانام بن چکی ہے۔ جماعت اسلامی موجودہ سودی نظام کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک شروع کر رہی ہے۔ عورت کوحقوق کے نام پر ذلیل کیا جارہا ہے جبکہ نوجوانوں کو ایک سازش کے تحت ناامیدکیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے تیمرگرہ احیاء العلوم میں جماعت اسلامی دیرپائن کے زیراہتمام ماہانہ تربیتی اجتماع سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی آیندہ کسی بھی انتخابی اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گی اور اپنے جھنڈے اور انتخابی نشان کے ساتھ جنرل اور بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات کو صرف ووٹنگ مشین اور اورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے ساتھ منسلک کر کے اصل مسائل سے جانب توجہ ہٹانے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے اگلے عام انتخابات میں پری پول دھاندلی کی سازش کی جارہی ہیں جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کے حق کے نام پر ٹرخایا جارہا ہے۔ تین سالہ حکومتی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ اس وقت تمام مسائل کی جڑ خود حکومتی صفوں میں مافیاز کی صورت میں موجود ہیں، مگر موجودہ بحرانی کیفیت میں عمرانی حکومت کامتکبرانہ انداز ناقابل فہم ہیں۔ لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی نے تمام دینی قوتوں کو اکٹھا کرنے کی بھرپور کوشش کی، مگر ایک سازش کے تحت دینی قوتوں کو گروہوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن کا اتحاد مشکل نظر آرہا ہے،نظریہ پاکستان سے وابستہ تمام دینی سیاسی کارکنوں کے لیے جماعت اسلامی کے دروازے کھلے ہیں۔