News Detail Banner

جماعت اسلامی قومی متفقہ انتخابی اصلاحات اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے ملک گیر مہم چلائے گی،لیاقت بلوچ

3سال پہلے

لاہوریکم دسمبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران سرکار آئندہ انتخابات چوری کرنے کے لیے ہر حربہ طے کر رہی ہے۔ انتخابی اصلاحات کے لیے متفقہ قومی پالیسی کے لیے تمام جمہوری قوتوں، حکومت اور ریاست کو ایک پیج پر آنا ہو گا۔ حکومتی اقدامات غیرآئینی، غیر جمہوری ہیں۔ حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نشانہ بنا رہی ہے۔ مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی این اے 133کے ضمنی انتخابات میں ”ووٹ کو عزت دو“ کے بیانیہ کی دھوم دھام سے تدفین کر رہی ہیں۔ جماعت اسلامی قومی متفقہ انتخابی اصلاحات اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے ملک گیر مہم چلائے گی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، افراطِ زر اور یوٹیلٹی بلز کا بوجھ اس قدر بڑھ گیا ہے، جس کا چھوٹے موٹے ریلیف سے عوام کو کوئی سہولت نہیں ملے گی۔ اقتصادی حالات کو سنبھالنے کے لیے دوست ملکوں سے قرضہ اور آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط کے سامنے حکومتی سرنڈر معیشت کو مزید تباہ کرے گا۔ اقتصادی بحران کی صورت حال گھمبیر ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کی ساکھ زمین بوس ہوچکی۔ قومی قیادت نے بحران کے خاتمہ کے لیے حل نہ نکالا تو ملک دیوالیہ ہو گا۔ ایٹمی صلاحیت رول بیک، فوجی صلاحیت مفلوج کرنے کا دباؤ بڑھ جائے گا۔ اسٹیبلشمنٹ کو جانبدار چھوڑ کر قومی اور غیر جانبدار کردار ادا کرنا ہو گا۔

لیاقت بلوچ نے بلوچستان گوادر میں کئی روز سے جاری ”گوادر کو حق دو“ دھرنے کے مطالبات پر وفاق، صوبہ اور سرکاری اداروں کی بے حسی شرم ناک ہے۔ خواتین، مرد، نوجوان اور ماہی گیر سراپا احتجاج ہیں۔ مولانا ہدایت الرحمن کی قیادت میں عوامی مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔ سی پیک منصوبہ کے ثمرات کا پہلا حق گوادر کے عوام کا ہے۔

لیاقت بلوچ نے لاہور میں عوامی وفود سے ملاقات میں کہاکہ لاہور میں چوری، ڈکیتی، سٹریٹ کرائم، منشیات فروشی دھڑلے سے ہو رہی ہے۔ حکومت ہر مافیا کی سرپرست بنی ہوئی ہے۔ لاہور میں فضائی آلودگی، سموگ کے سدباب کے لیے پنجاب حکومت نے بروقت اقدامات نہیں کیے۔ لاہور میں گیس کی لوڈشیڈنگ کی صورت حال ابتر ہے۔ حکومت بلدیاتی نظام کو بااختیار اور عوام کی سہولت کا نظام بنانے کی بجائے اندرونی سازشوں کا شکار ہے۔ سندھ میں پی پی حکومت بلدیاتی نظام کے ساتھ ظالمانہ عوام دشمن کھلواڑ کر رہی ہے۔