قوم کو مدینہ جیسی ریاست کا خواب دکھا کر اس کے برعکس کام کیاجارہا ہے،محمد جاوید قصوری
3سال پہلے
لاہور11نومبر 2021
امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت غیر آئینی و غیر قانونی اور غیر شرعی بلز قومی اسمبلی سے پاس کروانا چاہتی ہے۔ خواہ ڈومیسٹک بل ہو یا ممبر پارلیمنٹ پر پارٹی بدلنے پر یہ قدغن لگانا درحقیقت یہ واضح کرتا ہے کہ جہاں حکومت غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنا چاہتی وہاں آئندہ انتخابات میں اپنے لوگوں کو پابند کرنا چاہتی ہے کہ کوئی چھوڑ کر نہ جائے۔ اگر حکومت نے عوام کو ڈیلیور کیا ہوتا تو اس قسم کی متنازعہ قانون سازی کرنے کی ضرورت نہ تھی۔ مگر المیہ یہ ہے کہ حکمرنوں نے عوام کے مسائل میں بے پنا ہ اضافہ کر دیا ہے۔لوگوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اسلام کے خاندانی نظام کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔ حکومت کی اس خواہش کو جماعت اسلامی دیگر مذہبی ودینی جماعتوں کے ساتھ مل کر پورا نہیں ہونے دے گی۔ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے اور یہاں صرف اور صرف اللہ اور اس کے رسول کا نظام ہی کامیابی کے ساتھ چل سکتا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے گزشتہ تین برسوں میں جو بھی قانون سازی کی، چاہے ایف اے ٹی کے نام پر ہو یا پھر ڈومیسٹک قانون سازی کے نام پر، سب کے پیچھے مغربی این جی اوز کا پریشر تھا، اور اب سوچی سمجھی سازش کے تحت 18سال سے کم عمر افراد کا اسلام قبول کرنے پر پابندی لگانے کی کوشش درحقیقت اسلام کے راستے کو روکنے کی کوشش ہے۔ پاکستان کے عوام کو متاثر کرنے کے لیے موجودہ حکمرانوں نے مدینہ کی اسلامی فلاحی ریاست جیسے الفاظ استعمال کیے۔ آج اس کے برعکس اقدامات اور قانون سازی کی کوششیں کی جارہی ہیں۔